Saturday , January 20 2018
Home / اضلاع کی خبریں / مسلمان عصری تعلیم کے حصول میں کسی سے پیچھے نہیں

مسلمان عصری تعلیم کے حصول میں کسی سے پیچھے نہیں

گلبرگہ میں تقسیم انعامات کا جلسہ ،حیدر علی باغبان کی مخاطبت

گلبرگہ میں تقسیم انعامات کا جلسہ ،حیدر علی باغبان کی مخاطبت

گلبرگہ۔25؍مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جس میں دین کے ساتھ ساتھ دنیا علوم کے حصول کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس خیال کا اظہار حیدر علی باغبان آرگنائزنگ سیکریٹری کل ہند مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ نے کیا ہے ۔ وہ ابراہیم میموریل اُردو لائبریری کے زیر اہتمام باغبان پورہ گلبرگہ میں منعقدہ جلسہ تقسیم انعامات کو مخاطب کررہے تھے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام ؐ نے تحصیل علم کے لئے چین جانے کی تاکید فرمائی جس سے صاف ظاہر ہے کہ اسلام عصری علوم کے حصول کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے ۔ حیدرعلی باغبان نے مزید کہا کہ تمام عصری علوم مسلمانوں کی ہی دین ہیں۔ اُنہوں نے لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹر ویو میں نریندر مودی کی جانب سے مسلمان طلباء کو ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر پکڑنے کا مشورہ دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دراصل مودی یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ مسلم طلباء قدامت پسند ہیں اور عصری تعلیم سے دور ہیں ، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مسلم طلباء عصری تعلیم کے حصول میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ کانگریس کی یوپی اے حکومت نے سچر کمیٹی کی سفارشات کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کو دلتوں سے بھی بدتر بتایا ہے ۔ حیدرعلی باغبان نے کہا کہ مسلم طلباء کو یہ چیلنج قبول کرنا چاہئے کہ وہ عصری علوم کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث کے علوم کو بھی حاصل کریں گے ، عصری تعلیم کے اداروں میں دینی علوم کی تعلیم کا اور دینی مدارس میں عصری تعلیم و فنون کی تعلیم کا انتظام ہونا چاہئے ۔ ہمارے اسلاف عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں کبھی پیچھے نہیں رہے اور نہ ہی جمود و تعطل اور مایوسی کا شکار ہوئے ۔ جلسہ میں پرائمری جماعتوں سے ایس ایس ایل سی تک نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے اُنہیں انعامات دئیے گئے ۔ باغبان جماعت کی بزرگ شخصیت جناب معین چودھری نے جلسہ کی سرپرستی کی جبکہ جاوید باغبان مؤظف آر ٹی او ، محمود علی انجینئر باغبان، محمد رفیق انجینئر باغبان نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ ڈاکٹر شمس الدین باغبان نے جلسہ کے انعقاد کی غرض و غایت بیان کی۔

TOPPOPULARRECENT