Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات بل کی منظوری ، حکومت کا تاریخی کارنامہ

مسلم تحفظات بل کی منظوری ، حکومت کا تاریخی کارنامہ

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی کا ثبوت ، صوفی سلطان شطاری
حیدرآباد۔17 اپریل (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد صوفی سلطان شطاری نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے اسمبلی میں بل کی منظوری کو تاریخی دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے نہ صرف اپنے وعدے کی تکمیل کی ہے بلکہ مسلمانوں سے اپنی ہمدردی کا ثبوت دیا ہے۔ صوفی سلطان شطاری نے کہا کہ تلنگانہ میں کمزور طبقات اور اقلیتوں کی تعداد آبادی کا 90 فیصد ہے اور چیف منسٹر نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کی ترقی کو اہمیت دی ہے۔ انتخابی مہم اور پھر پارٹی کے انتخابی منشور میں تحفظات کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کی فراہمی سے مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانونی اور دستوری امور کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت نے اسمبلی میں بل پیش کیا ہے۔ بل کی پیشکشی دراصل حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔ مسلمان جو کبھی حکمراں تھے، آج ہر شعبہ میں پسماندہ ہوچکے ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں حکمرانوں نے مسلمانوں کی ترقی کو ہمیشہ نظرانداز کردیا۔ ٹی آر ایس نے علیحدہ ریاست کے قیام کے بعد تمام کمزور طبقات کے لیے ترقی کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل آوری شروع کی گئی ہے۔ صوفی سلطان شطاری نے تحفظات کے وعدے کی تکمیل کے لیے روزنامہ سیاست کی جانب سے چلائی گئی مہم کا حوالہ دیا اور کہا کہ سیاست نے ہر ضلع میں شعور بیداری مہم چلائی تھی جس کے بعد عوامی نمائندوں کو یادداشت پیش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ہمیشہ ہی ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی رائے کا احترام کیا ہے۔ تلنگانہ جدوجہد کے دوران وہ اکثر و بیشتر جناب زاہد علی خان سے مفید مشورے حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ دراصل روزنامہ سیاست کی مہم کی کامیابی بھی تصور کی جاسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT