Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلم تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور

مسلم تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور

اقلیتی بہبود بجٹ کو مکمل خرچ کرنے کا مطالبہ ، اسمبلی میں ٹی جیون ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔9۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے مسلم تحفظات پر عمل آوری کو یقینی بنانے اور اقلیتی بہبود کے بجٹ کو مکمل خرچ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسمبلی میں اقلیتی بہبود پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ جب تک مذکورہ دونوں امور پر عمل آوری نہیں ہوگی ، اس وقت تک مسلمانوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی بھلائی کے حق میں صرف اعلانات کافی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں تحفظات کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن مرکزی حکومت کو بل روانہ کرنے میں تین سال کا وقت لگ گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا انتخابات تک یہ محض وعدہ رہے گا یا پھر عمل آوری ہوگی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس مرکزی حکومت کی حلیف جماعت کی طرح کام کر رہی ہے۔ نوٹ بندی، جی ایس ٹی ، صدر جمہوریہ اور نائب صدر کے لئے بی جے پی امیدواروں کی تائید کی گئی۔ لہذا تحفظات پر مرکز کی منظوری حاصل کرنے کیلئے ٹی آر ایس حکومت کو اقدامات کرنے چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی تحفظات کی تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر جس طرح تاخیر کی گئی ، اس سے مسلمانوں میں مایوسی دیکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی کمیشن نے 10 فیصد تحفظات کی سفارش کی جبکہ حکومت نے 12 فیصد کا بل منظور کیا۔ عدالت میں یہ تضاد کس طرح ٹک پائے گا۔ انہوں نے کل جماعتی وفد کو دہلی لے جانے کی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی آبادی 12.6 فیصد ہے۔ لہذا بجٹ میں انہیں آبادی کے تناسب سے حصہ ملنا چاہئے۔ جیون ریڈی نے بتایا کہ جاریہ سال اقلیتی بہبود کیلئے 1249 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جو ریاست کے مجموعی بجٹ کا ایک فیصد بھی نہیں ہے۔ اس مرحلہ پر چیف منسٹر نے مداخلت کی اور کہا کہ کانگریس نے 10 سال میں 932 کروڑ خرچ کئے تھے جبکہ ٹی آر ایس نے ساڑھے تین سال میں 2146 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے گزشتہ تین برسوں میں کبھی بھی 50 فیصد بجٹ خرچ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے ڈبل بیڈروم مکانات میں مسلمانوں کو 20 فیصد کوٹہ الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اقلیتی اداروں کی تشکیل اور کمپیوٹر سنٹرس کے احیاء کی مانگ کی۔

TOPPOPULARRECENT