Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلم مطلقہ خواتین کی امدادی اسکیم بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے

مسلم مطلقہ خواتین کی امدادی اسکیم بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے

سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور کی وقف بورڈ کو ہدایت
حیدرآباد۔/2فبروری، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ مسلم مطلقہ خواتین کی امداد سے متعلق اسکیم کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ خواتین اس اسکیم سے استفادہ کرسکیں۔ دانا کشور نے وقف بورڈ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں مذکورہ اسکیم کے بارے میں تفصیلی سرکیولر جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے بارے میں مسلمانوں میں معلومات کی کمی ہے جس کے نتیجہ میں استفادہ کنندگان کی تعداد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مطلقہ خواتین کی امداد کیلئے مذکورہ اسکیم پر وقف بورڈ کے ذریعہ عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکیم کے تحت عدالت سے مقرر کردہ امدادی رقم وقف بورڈ جاری کرتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسکیم کے تحت امدادی رقم کی اجرائی میں کوئی تاخیر نہ کریں اور بروقت اجرائی کے ذریعہ خواتین کی مدد کریں۔ سکریٹری نے وقف بورڈ کو گرانٹ اِن ایڈ، ائمہ و مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ، وقف اراضی سروے اور دیگر اُمور کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی رقم ہر ماہ مقررہ وقت پر جاری کرنے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود کو وقف بورڈ کے عہدیداروں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور آمدنی میں اضافہ کے اقدامات سے واقف کرایا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ وقتاً فوقتاً بورڈ کی کارکردگی سے حکومت کو آگاہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT