Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / مسلم ممالک اسرائیل کی آمرانہ حرکتوں سے باز رکھنے میں ناکام

مسلم ممالک اسرائیل کی آمرانہ حرکتوں سے باز رکھنے میں ناکام

قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران حیدرآباد میں دعوت افطار ، جناب حق بین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔7جون (سیاست نیوز) بین الاقوامی ’یوم قدس ‘ کے موقع پر قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوری ایران متعین حیدرآباد کے زیراہتمام ایرانی سفارت خانہ حیدرآباد میں دعوت افطار منعقد ہوئی ۔ قونصلیٹ جنرل ایران متعین حیدرآباد جناب حق بین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چالیس سال قبل انقلاب اسلامی ایران کے علمبردار آیت اللہ خمینی یوم قدس کی بنیاد ڈالی تھی جس کا مقصد فلسطین کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم وزیادیتوں کی طرف دنیا کومتوجہہ کرنا تھا اور اس عظیم کام میںایران بڑی حدتک کامیاب بھی ہوا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ لاتعداد مسلم ممالک ہونے کے باوجود وہ اسرائیل کو اس کی آمرانہ حرکتوں سے بازرکھنے میں ناکام رہے ہیں۔ مسٹر حق بین نے کہاکہ سامراجی طاقتوں سے انصاف اور ہمدردی کی امید بھی نہیں کی جاسکتی مگر خالص مسلم ممالک بھی صیہونی فسطائیت پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مسٹر حق بین نے یروشلم کو اسرائیل کادرالحکومت تسلیم کرتے ہوئے وہاں پر امریکی سفارت خانہ کی منتقلی کے متعلق امریکہ کے فیصلے کی بھی شدید مذمت کی اور کہاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے قرارداد کا مسودہ نامنظور کرنے او ردنیا بھر کے ممالک کی مخالفت کے باوجود بھی امریکہ اپنے فیصلے پر قائم ہے اور افسوس کی بات ہے کہ امریکہ کی پشت پناہی میںاسرائیل نہتے اور بے قصور فلسطینیوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔ قونصلیٹ جنرل ایران کی فارسی تقریر کا ترجمہ قونصلیٹ کے سابق پبلک ریلیشن آفیسر علی اکبر نیرومن نے کیا ۔ اس کے علاوہ مولانا متین علی شاہ ‘مولانا علی زادے‘ مولانا حیدرآغا نے بھی خطاب کیا۔ جناب ظفر جاوید‘ پروفیسر شوکت علی مرزا ‘ جناب خلیق الرحمن نے بھی دعوت افطار میںشرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT