Saturday , December 16 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مسلم پرسنل لا کی تائید میں ملک بھر میں ایمانی مظاہرہ

مسلم پرسنل لا کی تائید میں ملک بھر میں ایمانی مظاہرہ

بھینسہ میں 30ہزار سے زائد دستخطیں، علماء کی پریس کانفرنس
بھینسہ۔/8نومبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شریعت محمدی ؐ اللہ پاک کا نافذ کردہ قانون ہے جس میںکسی بھی طرح کی مداخلت ہرگز ناقابل برداشت ہے۔ مرکزی حکومت مسلمان عورتوں کے ساتھ جھوٹی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے اسے تبدیل کرنے اور یکساں سیول کوڈ نافذ کرنے کیلئے ناپاک منصوبے تیار کررہی ہے جس کی وجہ سے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی تائید و ہدایت پر ملک کے تمام مسلمانوں کی جانب سے دستخطی مہم چلاتے ہوئے دستخطی پروفارموں کو ملک کے صدر جمہوریہ اور عدالت عظمیٰ ( سپریم کورٹ ) کو روانہ کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں بھینسہ ڈیویژن کے مختلف مقامات اور شہر میں تقریباً30 ہزار سے زائد پروفارموں پر مرد اور خواتین نے دستخظ کرتے ہوئے مسلم  پرسنل لاء بورڈ کے تحفظ کیلئے جذبہ ایمانی کا مظاہرہ پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار مفتی عبدالغنی قاسمی صدر ضلعی جمعیت العلماء ہند و بھیسنہ شہر کے دیگر علماء نے مدرسہ معہدالابرار میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اور کہا کہ حکومت ایک خاتون کی جانب سے ملک کے صرف 50 ہزار خواتین کے تائید پر مقدمہ دائر کرنے پر مسلم پرسنل لاء میں مداخلت اور تبدیلی کرنے کیلئے ناپاک منصوبہ بنارہی ہے جو ہرگز ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2011 کی مردم شماری کے مطابق ملک کے دیگر مذاہب کے مقابل مذہب اسلام میں طلاق کا تناسب سب سے کم ہے لیکن حکومت مسلم خواتین سے جھوٹی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے مسئلہ کو طول دے رہی ہے۔ آخر میں انہوں نے مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسلمان شرعی قانون میں ہرگز کسی بھی طرح کی مداخلت برداشت نہیں کرسکتے۔ لہذا حکومت ملک کی دوسری بڑی اکثریت کے ساتھ عدل و انصاف کا معاملہ کرتے ہوئے اپنے مذہب پر زندگی گذارنے دے۔ اس موقع پر شہر کے علماء کرام نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی تائید میں دستخط کئے۔ پروفارموں کو صحافیوں کے سامنے پیش کیا اور بتایا کہ پروفارموں کو آن لائن کے ذریعہ دہلی مسلم پرسنل لا بورڈ روانہ کردیا گیا ہے اور پروفارموں کو جلد از جلد حیدرآباد مسلم پرسنل لاء کے ذمہ داران تک منتقل کردیا جائے گا۔ اس موقع پر علماء کرام میں مولانا حافظ عبدالرفیق، مفتی عبدالخالد قاسمی، حافظ عبداللطیف، حافظ عبدالمنیر الدین، حافظ عثمان خان، مولانا سلمان قاسمی، مولانا سید رافع قاسمی، مولانا ریاض، حافظ امجد، حافظ عرفان، حافظ اظہر اللہ، مولانا یونس قاسمی، مولانا مختار کے علاوہ دیگر علماء کرام ، حفاظ اور اعجاز احمد خان سابق نائب صدر نشین بلدیہ بھینسہ موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT