Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / مسلم کھلاڑیوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے امداد

مسلم کھلاڑیوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے امداد

حیدرآباد کے 3 نوجوانوں کو عابد رسول خاں نے امداد حوالے کی
حیدرآباد۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاستی اقلیتی کمیشن تلنگانہ و آندھرا پردیش کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے تین مسلم کھلاڑیوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے مالی امداد دینے کے احکام جاری کئے ہیں۔ صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن جناب عابد رسول خاں نے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں محمد محسن (باکسر) ساکن بہادر پورہ، ارمان ایوب خاں (ٹینس) ساکن خیریت آباد اور حسن شیخ نغمہ (باکسر) ساکن آغا پورہ نامپلی کو ان کی بہترین کارکردگی پر حوصلہ افزائی کے لئے مالی امداد کی سفارش کی تھی جس پر حکومت تلنگانہ نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فی کس 5 لاکھ روپئے گرانٹ منظور کرنے کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ جناب عابد رسول خاں نے بتایا کہ یہ نوجوان، کمیشن سے رجوع ہوتے ہوئے اپنی بہتر تربیت اور آگے بڑھنے میں ہونے والی دشواریوں سے واقف کروایا تھا جس پر کمیشن نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی سفارش کی تھی کہ ان نوجوانوں کو کھیلوں میں ترقی اور بہتر تربیت کیلئے مالی امداد فراہم کی جائے جس پر حکومت نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محکمہ فروغ نوجوانان و سیاحت کے ذریعہ اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ کو سفارشات روانہ کرتے ہوئے امداد جاری کی گئی۔ جناب عابد رسول خاں نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی طبقات میں اس اقدام سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کھیل کود کے فروغ اور اقلیتی نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی اس اقدام سے مزید بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نہ صرف کھیل کود میں دلچسپی لیں بلکہ تعلیمی میدان میں حکومت کی جانب سے حاصل ہونے والی امداد کے حصول کے ذریعہ ترقی کے زینے طئے کریں۔ جناب عابد رسول خاں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کو روانہ کردہ اقلیتی کمیشن کی سفارشات پر حکومت کی جانب سے کی جانے والی کارروائی نہ صرف کمیشن بلکہ اقلیتی طبقات میں حکومت پر اعتماد میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے۔ جناب عابد رسول خاں نے کہا کہ مستقبل میں بھی کمیشن کی جانب سے مستحقین کی مدد اور اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ سے متعلق سفارشات کا عمل اسی رفتار سے جاری رہے گا۔

TOPPOPULARRECENT