Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / مشفق سر پر گیند لگنے سے زخمی ، اسپتال منتقلی کے بعد تشویش ختم

مشفق سر پر گیند لگنے سے زخمی ، اسپتال منتقلی کے بعد تشویش ختم

ویلنگٹن ، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کے آج آخری روز سر پر باؤنسر لگنے سے میدان پر گرپڑے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ تاہم طبی جانچ پر معلوم ہوا کہ وہ سنگین نوعیت کی انجری سے محفوظ رہے۔ ٹیم کے ترجمان نے کہا کہ مشفق کو ہاسپٹل میں ایکس رے جانچ سے گزرنا پڑا، اور ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ٹم ساؤدھی کی گیند سے کچھ سنگین نقصان ہوا ہے۔ لنچ سے چند لمحے قبل مشفق نے ساؤدھی کی گیند سے جھُک کر بچنا چاہا لیکن تیز رفتار گیند سیدھا اُن کے ہیلمٹ پر لگی جس سے وہ فوراً زمین پر گرپڑے۔ گیند لگنے کے بعد 20 منٹ جسم میں حرکت کے آثار نظر نہ ہونے پر انہیں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر سنگین انجری کے خدشے کے پیش نظر بنگلہ دیشی کپتان کو فوری طور پر بیسن ریزرو اسٹیڈیم سے سو میٹر دور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کچھ دیر بعد ہوش میں آگئے اور انہوں نے اپنی ٹیم کو پیغام بھجوایا کہ وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ہوش میں آنے پر انہوں نے اپنے اہلخانہ کو بھی طبیعت میں بہتری کا پیغام بھجوایا۔ مشفق (13 رنز ۔ ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ) انجری کے سب بیٹنگ نہ کر سکے اور ان کی ٹیم 160 رنز پر آؤٹ ہو کر میچ میں سات وکٹ کی شکست سے دوچار ہوئی۔ میچ کے اختتام پر گراؤنڈ میں آنے والے مشفق نے کہا کہ میں بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں، خوش قسمت ہوں کہ میں بچ گیا۔ مجھے کچھ تکلیف محسوس ہو رہی ہے لیکن جلد اس سے نجات مل جانے کی امید ہے۔

TOPPOPULARRECENT