Friday , November 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / مصباح ابھی ریٹائرمنٹ کا مت سوچیں: رمیز

مصباح ابھی ریٹائرمنٹ کا مت سوچیں: رمیز

شارجہ ، 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کے خیال میں پاکستان کیلئے کسی نئے کپتان کے ساتھ آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرنا آسان نہ ہوگا۔ اس صورتحال میں مصباح الحق کو ٹیم کی خاطر ریٹائرمنٹ کے بارے میں فی الحال نہیں سوچنا چاہئے۔ یاد رہیکہ انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز سے قبل مصباح الحق نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے۔ رمیز راجہ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ’’کرکٹ میں کوئی ہمیشہ نہیں کھیلتا ہے۔ ہر کرکٹر کو ایک نہ ایک دن کرکٹ چھوڑنی ہوتی ہے اور کہیں نہ کہیں تو پاکستانی ٹیم کو بھی مصباح الحق کے بغیرزندگی گزارنی پڑے گی‘‘۔مصباح الحق کو خود اچھی طرح اندازہ ہوگا کہ اس وقت وہ اپنے اعصاب، سیم بولنگ اور باؤنسی وکٹوں پر بیٹنگ کے اعتبار سے کہاں کھڑے ہیں اور وہ ان حالات میں کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں کیونکہ انہیں انگلینڈ کے آئندہ سال کے دورے میں ان ہی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ رمیزراجہ نے کہا کہ مصباح الحق کو وہ یہی مشورہ دیں گے کہ وہ اپنی موجودہ فارم کو انگلینڈ کے دورے تک لے جاسکتے ہیں کیونکہ انہوں نے نہ صرف کپتان کی حیثیت سے بلکہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں بھی استحکام دیا ہوا ہے اس لئے انہیں اپنا کریئر جاری رکھنا چاہیے۔ رمیزراجہ نے کہا کہ پاکستان کو مصباح الحق کی ابھی ضرورت ہے گو کہ ان کیلئے اور یونس خان کیلئے انگلینڈ کے حالات میں اس طرح کی پرفارمنس دینا اتنا آسان نہیں ہوگا جو یہ دونوں متحدہ عرب امارات میں دکھاتے آئے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم پچھلی ٹیم سے بہت مختلف ہے جو 2012ء میں یہاں آئی تھی۔اس کے پاس اچھے بیٹسمین ہیں لیکن اسپن بولنگ اب بھی اس کی کمزوری ہے۔ اگر اسے ایشیا میں اچھی کارکردگی دکھانی ہے اور میچز جیتنے ہیں تو اسے بہت اچھے اسپنرز سامنے لانے ہوں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT