Thursday , December 13 2018

مصر: صدارتی انتخاب کیلئے تارکین وطن کی پولنگ

تارکین 18 مئی تک ووٹ ڈالیں گے، عام شہری دس دن بعد

تارکین 18 مئی تک ووٹ ڈالیں گے، عام شہری دس دن بعد
قاہرہ ، 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں گزشتہ سال جولائی میں پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی برطرفی کو دس ماہ گزرنے کے بعد صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا پہلا مرحلہ آج شروع ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں دیگر ملکوں میں موجود مصری تارکین وطن 18 مئی تک ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے۔ اس سلسلے میں دنیا کے مختلف ملکوں میں قائم مصر کے سفارتی مشنوں میں مجموعی طور پر 140 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ مصری الیکشن کمیٹی نے بیرون ملک اپنے شہریوں سے اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

مصری تارکین وطن کیلئے قائم کئے گئے ان پولنگ اسٹیشنوں میں چھ لاکھ مصری ووٹ ڈال سکیں گے جبکہ بیرون ملک مصریوں کی کل تعداد آٹھ ملین کے قریب ہے۔ ان میں سے زیادہ تر مصری سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ واضح رہے مصر کے عام ووٹر آج سے دس دن بعد 26 اور 27 مئی کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صدارتی انتخاب میں سب سے اہم امیدوار محمد مرسی کو برطرف کرنے والے سابق فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتح السیسی ہیں۔ ان کے مدمقابل بائیں بازو کے نظریات رکھنے والے حمدین صباحی ہیں جنہوں پہلے منتخب صدر کے مقابلے میں دو سال قبل تیسری پوزیشن لی تھی۔ صدارتی انتخاب اس روڈ میاپ کے تحت کرایا جارہا ہے جو صدر مرسی کی معزولی کے بعد جنرل سیسی کی زیرقیادت پیش کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT