Wednesday , September 19 2018
Home / ہندوستان / مصر میں جیزہ کے عظیم ہرم سے قدیم تر ہرم دریافت

مصر میں جیزہ کے عظیم ہرم سے قدیم تر ہرم دریافت

آثار قدیمہ کے ماہرین نے ایک 4600 سال قدیم پراسرار زینوں والا ہرم دریافت کیا ہے جو جیزہ کے عظیم ہرم سے کم از کم چند دہائیوں قبل تعمیر کیا گیا تھا ۔ سائنس داں اندازہ لگانے سے قاصر ہیں کہ یہ ہرم کیوں تعمیر کیا گیا تھا ۔ قیاس آرائی ہے کہ یہ بادشاہ کے اقتدار کی ایک علامت تھی ۔ ایدفو کی قدیم آبادی کے قریب کام کرتے ہوئے جنوبی مصر میں آثار قدیمہ کے ماہرین نے یہ زینوں والا ہرم کھود نکالا جو جیزہ کے عظیم ہرم سے بھی چند دہائی قبل کی تعمیر ہے ۔ یہ ہرم 13 میٹر بلند تھا اور ان سات اہرام میں سے ایک ہے جو صوبائی اہرام کہلاتے ہیں اور فرعون ہونی ( 2635 تا 2610 ق ۔ م ) یا اسنیفرو ( 2690 تا 2610 ق ۔ م ) نے تعمیر کروائے تھے ۔ سیڑھیوں والا یہ ہرم پتھر کے بلاکس سے تعمیر کردہ تھا اور وقت گذرنے کے ساتھ یہ تاریخی یادگار موسمی تغیرات سے متاثر ہوئی چنانچہ اس کی بلندی اب صرف 5 میٹر ہے ۔ رسالہ لائیو سائنس کی اطلاع کے بموجب صوبائی اہرام پورے وسطی اور جنوبی مصر میں بڑی آبادیوں کے قریب بکھرے ہوئے ہیں ۔ ان میں داخلی کمرے نہیں ہیں یعنی یہ تدفین کیلئے تعمیر نہیں کئے گئے تھے ۔ سات میں سے چھ اہرام تقریباً ایک جیسی سمتوں کے ہیں ان میں ایدفو کا نیا دریافت شدہ ہرم بھی ہے ۔ ان سات اہرام کی تعمیر کا مقصد ہنوز ایک گہرا راز ہے ۔ تمام ہرموں کی یکسانیت حیرت انگیز ہے یقیناً ایک مشترکہ منصوبہ تھا ۔ تحقیق کے قائد شکاگو اورنیٹل انسٹی ٹیوٹ شکاگو یونیورسٹی کے معاون محقق گریگوری ماروارڈ نے انکشاف کیا ۔

TOPPOPULARRECENT