Monday , September 24 2018
Home / Top Stories / مصر میں صدارتی انتخابات، رائے دہی آج اور کل بھی

مصر میں صدارتی انتخابات، رائے دہی آج اور کل بھی

 

قاہرہ ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں آج صدارتی انتخابات کیلئے رائے دہی ہوئی جہاں عوام کو موجودہ صدر ابوالفتاح السیسی اور ایک غیرمعروف سیاستداں کے درمیان جاری مقابلہ میں کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے جبکہ آخرالذکر اپنے آپ کو منوانے کافی جدوجہد کررہے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق رائے دہی کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جس کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات وثوق سے کہی جارہی ہیکہ السیسی دوسری بار صدر کی چار سالہ میعاد پر منتخب ہوجائیں گے۔ رائے دہی کے آغاز کے ساتھ ہی قاہرہ کے ایک اسکول میں بنائے گئے پولنگ اسٹیشن پہنچ کر صدر السیسی نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس وقت سیکوریٹی انتہائی سخت تھی۔ یہی نہیں بلکہ ملک کے مختلف مقامات پر سیکوریٹی فورسیس کی کثیر تعداد تعینات کی گئی ہے۔ خصوصی طور پر پولنگ بوتھس اور دیگر حساس مقامات پر پولیس کی بکتربند گاڑیاں بھی تعینات ہیں کیونکہ دولت اسلامیہ گروپ سے ملحقہ ایک دیگر گروپ جس نے سینکڑوں فوجیوں اور شہریوں کو ہلاک کردیا ہے، انتخابی عمل کو بھی تہس نہس کرنے کی دھمکی دی ہے۔ کل کئے گئے ایک کار بم حملہ میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جبکہ حملہ آوروں کا اصل نشانہ اسکندریہ گورنریٹ کے صوبائی سربراہ تھے جنہیں خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مصر میں 26، 27 اور 28 مارچ کو رائے دہی ہوگی جہاں 60 ملین رجسٹر شدہ مصری ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جبکہ انتخابات کے نتائج کا 2 اپریل کو اعلان کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT