مصر کی فوجی چوکی پر حملہ، 21 فوجی ہلاک

قاہرہ۔ 20؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ عسکریت پسندوں نے جو راکٹ کے ذریعہ پھینکے جانے والے دستی بموں سے مسلح تھے، جنوبی مصر میں لیبیا۔ سوڈان کی سرحد کے قریب ایک فوجی چوکی پر حملہ کردیا جس میں کم از کم 21 مصری فوجی ہلاک ہوگئے۔ سرحدی محافظین کی ہلاکت نامعلوم بندوق برداروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں واقع ہوئی۔ الوادی الغدید فوجی چوکی لیبیا اور سوڈان کی سرحد پر قائم تھی۔ فوج کے ترجمان محمد سمیر نے کہا کہ حملہ آور دہشت گرد بھی ہلاک کردیئے گئے۔ مبینہ طور پر یہ حملہ افطار کے وقت کیا گیا تھا۔ اگست 2012ء میں صحرائے سینائی میں عسکریت پسندوں کے حملہ سے 16 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ حکومت مصر نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے سوگ میں تین دن کا سرکاری سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

مصر نے غزہ کی امداد روک دی
قاہرہ۔ 20؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ جنگ زدہ غزہ پٹی کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر روانہ کی ہوئی امداد کا قافلہ مصری عہدیداروں نے روک دیا۔ یہ امدادی قافلہ 11 بسوں پر مشتمل تھا جسے رفاہ چوراہے پر روک دیا گیا۔ امدادی پروگرام میں شامل آزادی صحافی احمد الشامی نے اس کی خبر دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT