Sunday , November 19 2017
Home / Top Stories / مضبوط حیدرآباد کا آج پریشان گجرات سے مقابلہ

مضبوط حیدرآباد کا آج پریشان گجرات سے مقابلہ

محمد سراج کی شمولیت پر مقامی شائقین کی نظریں

حیدرآباد ۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ میں اپنا پہلا ہی مقابلہ یک طرفہ انداز میں 10 وکٹوں سے گنوانے کے بعد گجرات لائنس کافی دباؤ میں آ چکی ہے اور کل اپنے اگلے میچ میں میزبان اور دفاعی چمپئن سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف واپسی کی کوشش کرے گی۔ آئی پی ایل میں اپنا دوسرا ایڈیشن کھیل رہی سریش رائنا کی گجرات کو کولکتہ نائٹ رائڈرس کے خلاف اپنے ہی گھریلو میدان راجکوٹ میں 10 وکٹوں سے شکست برداشت کرنی پڑی ۔ اس شکست سے یقیناً اس کا حوصلہ کافی کمزور ہوا ہے جبکہ اس کے سامنے اب اگلا چیلنج دفاعی چمپئن حیدرآباد کا ہے جس نے رائل چیلنجرز بنگلور سے لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ 35 رن سے جیتا ہے۔ڈیوڈ وارنر کی کپتانی والی حیدرآباد کی ٹیم یہ میچ بھی اپنے گھریلو میدان میں کھیلنے اترے گی اور بے پناہ حمایت کے ساتھ اس کی پوری کوشش کامیابی کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کی ہو گی۔ فی الحال حیدرآباد ہر لحاظ سے گجرات  لائنس کیخلاف مستحکم  دکھائی دے رہی ہے ۔ٹیم میں آسٹریلیا کے اوپنر وارنر کے علاوہ قومی ٹیم کے اوپنر شکھر دھون اور کمال کی فارم میں کھیل رہے آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور موئسس ھینرکس جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔ یوراج اپنی بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور بنگلور کے خلاف انہوں نے محض 27 گیندوں میں 62 رن کی طوفانی اننگز کھیلی تھی جو آئی پی ایل میں ان کی سب سے تیز نصف سنچری بھی رہی۔حیدرآباد کو نفسیاتی طور پر بھی گجرات کے خلاف اس میچ میں فائدہ مل سکتا ہے ۔ میزبان ٹیم نے گزشتہ میچ میں 200 سے زیادہ کا اسکور بنایا تو اس کے بولروں نے بھی اپنی بہترین کارکردگی سے اس اسکور کا دفاع کیا ۔میزبان چمپئن ٹیم کے پاس تجربہ کار فاسٹ بولر آشیش نہرا، نوجوان بھونیشور کمار ہیں تو پہلی مرتبہ آئی پی ایل میں کھیل رہے افغانستان کے اسپنر راشد خان بھی ہیں۔ گزشتہ میچ میں تینوں ہی  نے فی کس دو وکٹ حاصل کئے تھے ۔37 سالہ نہرا جیسے بولر کی موجودگی ٹیم کی نہ صرفبولنگ کے شعبے کو مضبوطی فراہم کرتی ہے بلکہ وہ ٹیم میں اب ایک مینٹر کی طرح بھی ہیں جو باقی کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔وہیں دوسری طرف کے کے آر کے خلاف گجرات نے جس طرح 183 رن کا مشکل اسکور بنانے کے بعد بھی میچ گنوا دیا اس سے ظاہر ہے کہ اس کا بولنگ شعبہ کتنا کمزور ہے ۔ میڈیم فاسٹ بولر دھوول کلکرنی نے محض 2.5 اوور میں 42 رنز لٹا دیئے تو شیویل کوشک نے 40 رن دیئے ۔ وہیں تجربہ کار ڈیون اسمتھ ایک اوور میں 23 رن لٹا بیٹھے اور کے کے آر نے 14.5 اوور میں ہی بغیر کسی بھی وکٹ کو گنوائے میچ جیت لیا۔حیدرآبادی شائقین کی نظریں پھر ایک مرتبہ مقامی فاسٹ بولر محمد سراج پر مرکوز ہوگی جنہیں پہلے مقابلے میں موقع نہیں ملا ہے۔

TOPPOPULARRECENT