Sunday , November 19 2017
Home / ہندوستان / معتمدین خارجہ مذاکرات کے بارے میں فیصلہ ملتوی

معتمدین خارجہ مذاکرات کے بارے میں فیصلہ ملتوی

نئی دہلی ؍ اسلام آباد ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ جمعہ کو معتمدین خارجہ سطح کے مذاکرات جاری رکھنے کے بارے میں فیصلہ کل تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔ اس دوران پاکستان میں جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو گرفتار کرنے کی اطلاعات کی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ وزارت امورخارجہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرامور خارجہ سشماسوراج کے مابین دو گھنٹے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کے کل پیرس سے واپسی تک انتظار کیا جائے۔ قبل ازیں اسلام آباد سے یہ اطلاعات ملی تھی کہ مولانا مسعود اظہر، ان کے بھائی اور دیگر کئی افراد کو جن کا تعلق جیش محمد سے ہے، پٹھان کوٹ حملہ کے منصوبہ کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم وزارت امورخارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے رات دیر گئے بتایا کہ مسعود اظہر کو حراست میں لینے کی اب تک کوئی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ نواز شریف حکومت کے ایک وزیر محمد زبیر نے ہندوستانی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ مسعود اظہر کی گرفتاری کی توثیق نہیں کرسکتے جبکہ لیفٹننٹ گورنر (ریٹائرڈ) عبدالقادر بلوچ جو سرحدی علاقوں کے وزیر ہیں، کہا کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT