Saturday , July 21 2018
Home / Top Stories / معتکفین کو صرف مسجد نبوی کی چھت پر اعتکاف کی اجازت

معتکفین کو صرف مسجد نبوی کی چھت پر اعتکاف کی اجازت

رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مسجد نبوی کا اندرونی حصہ صرف نماز و عبادتوں کیلئے مختص

مدینہ منورہ ۔ یکم / اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مقدس ماہ رمضان المبارک کے دوران معتکفین کو صرف مسجد نبوی کی چھت پر اعتکاف کی اجازت ہوگی ۔ شہزادہ فیصل بن سلمان امیر مدینہ اور چیرمین حج کمیٹی مدینہ نے مسجد نبوی کی چھت کو اعتکاف کے لئے تیار کرنے سے متعلق کمیشن کی سفارشات کو منظوری دیدی ہے ۔ مسجد نبوی کے گراؤنڈ فلور کو صرف نمازوں کے لئے مختص کیا جائے ۔ رمضان المبارک کے دوران زائد از 10,000 معتکف حضرات اعتکاف کی نیت سے مسجد میں قیام کرتے ہیں ۔ اس سال ماہ رمضان المبارک وسط مئی سے شروع ہورہا ہے ۔ مدینہ منورہ میں کمیٹی کے اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن سلمان نے رمضان المبارک کے دوران روضہ اقدس ﷺ کی زیارت اور مسجد نبوی میں نماز ادا کرنے کے لئے آنے والوں میں سے بعض زائرین کی بے قاعدگیوں سے پیدا ہونے والی منفی صورتحال سے نمٹنے پر توجہ دی جانے پر زور دیا تاکہ دیگر خشوع و خضوع سے عبادتوں میں مصروف افراد کو کوئی تکلیف نہ ہونے پائے ۔اعتکاف کے ارادے سے مسجد نبوی میں داخل ہونے والے افراد مسجد کے اندر اپنے ساتھ اشیاء بھی لے آتے ہیںاور انہیں مسجد کے اندربے ترتیب سے رکھ دیتے ہیں جس کی وجہ سے دوسرے عبادت گذاروں کو تکلیف ہوتی ہے۔ بعض لوگ تو اپنے ساتھ لائی گئی چادروں کو پھیلا کر اس پر اشیاء رکھتے ہوئے آرام بھی کرتے ہیں اس سے جائے نمازوں کا حصہ کم ہوجاتا ہے ۔ اعتکاف کے لئے فراہم کردہ رہنمایانہ خطوط کو نظرانداز کیا جاتا ہے ۔ امیر مدینہ منورہ نے ایک ورکنگ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی تاکہ مسجد نبوی میں اعتکاف پر بیٹھنے کے خواہشمند عبادت گذاروں کے رجسٹریشن کے عمل کو باقاعدہ بناکر اس پر سختی سے کاربند ہوسکیں ۔ قبل ازیں حرمین شریفین امور کے ذمہ داروں نے اعتکاف کا ارادہ کرنے والوں کے لئے آن لائین رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا جو لوگ حرم شریف میں اعتکاف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہیں اپنا نام درج رجسٹر کروانا ہوگا۔ حرم شریف میں مسجد کے توسیع شدہ ملک فہد کے زیریں حصہ کو مختص کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT