Wednesday , July 18 2018
Home / شہر کی خبریں / معظم جاہی مارکٹ کی عظمت رفتہ کی بحالی کا فیصلہ

معظم جاہی مارکٹ کی عظمت رفتہ کی بحالی کا فیصلہ

سیاست کی خبر کے بعد حکومت کی توجہ
معظم جاہی مارکٹ کی عظمت رفتہ کی بحالی کا فیصلہ
4.90 کروڑ کے مصارف سے ترقیاتی و مرمتی کام ، بلدیہ سے 3 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تاریخی معظم جاہی مارکٹ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے 4.90 کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے گرنائیٹ کے کاموں کے لیے 3 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے ۔ معظم جاہی مارکٹ کی خستہ حالت اور مسائل سے متعلق روزنامہ سیاست میں خبر شائع ہونے کے بعد وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے مارکٹ کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کو فوری حل کرنے کی مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی تھی اس کے بعد چیف سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار نے بھی مارکٹ کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ہے ۔ جس کے بعد کاموں میں تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔ مارکٹ کے احاطہ سے پانی کی نکاسی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے 19 لاکھ روپئے کے مصارف سے مارکٹ سے رسالہ عبداللہ تک پائپ لائن تعمیرکی جارہی ہے ۔ مارکٹ چوراستہ پر خصوصی پائپ لائن کی تعمیر کے لیے انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں نے 65 لاکھ روپئے کی تجاویز تیار کی ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ معظم جاہی مارکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کے لیے 4.90 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ گرنائیٹ پتھر بچھانے کے کاموں کے لیے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی اسٹانڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں 3 کروڑ روپئے جاری کرنے کو بھی منظوری دے دی گئی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ موسم بارش کے آغاز سے قبل تمام مسائل کو حل کردیا جائے گا اور ٹاور کی گھڑی بھی درست کردی جائے گی ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کی جانب سے پانی کی نکاسی اور پائپ لائن بچھانے کا کام زور و شور سے جاری ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT