Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / معیاری تعلیم پر طلبہ کی ترقی ، وسیع النظری سے ترقی میں رکاوٹ کا خاتمہ

معیاری تعلیم پر طلبہ کی ترقی ، وسیع النظری سے ترقی میں رکاوٹ کا خاتمہ

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے فارغین کی تقریب ، جناب اے کے خاں ڈائریکٹر جنرل اے سی بی کا خطاب

حیدرآباد۔25ڈسمبر (سیاست نیوز) طلبہ بہتر اور معیاری تعلیم کے حصول کے ذریعہ ترقی کی بلندیوں پر پہنچ سکتے ہیں وہ اپنی فکر کو وسیع رکھیں تاکہ ترقی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کیا جا سکے۔ جناب محمد عبدالقیوم خان ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ فارغین کی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوںنے بتایا کہ طلبہ اور فارغین اپنی سماجی ومعاشرتی ذمہ داریو ں پر بھی توجہ مرکوز کریں ۔ مسٹر اے کے خان نے ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اقلیتی اقامتی اسکولس کی اسکیم کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے اور ہم پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ان اسکیمات و منصوبوں کے متعلق شعور اجاگر کریں تاکہ  دوسرو ں کو اس کا فائدہ پہنچے۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ فارغین کی اس تقریب میں جناب مرزا یاور بیگ‘ جناب جاوید عالم ‘ ڈاکٹر تمیم سیف‘ جناب محمد لطیف خان صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمیکے علاوہ دیگر موجود تھے۔ جناب محمد لطیف خان نے اس موقع پر ایم ایس آئی اے ایس اکیڈمی کا آغاز کیا اور اس موقع پرتین لاکھ روپئے پر مشتمل امیر محترم نعیم خان اسکالر شپ ایوارڈ ایمسیٹ میں 4رینک حاصل کرنے والے ذیشان احمد جلیلی کو پیش کیا گیا۔ اسی طرح ایک لاکھ روپئے پر مشتمل اے پی جے عبدالکلام اسکالر شپ ایوارڈ مس سیدہ فرحین قدسیہ کو پیش کیا گیا جو انٹر میڈیٹ میں 1000میں 991نشانات کے حصول میں کامیاب ہوئی تھیں۔ غلام رسول خان اسکالر شپ ایوارڈ جو 20ہزار پر مشتمل ہے اسکے حقدار سیدہ نورا جبین‘ شفقت فاطمہ‘ حفصہ فاطمہ اور یسری فاطمہ قرار پائیں جنہوں نے ایس ایس سی میں 10میں 10نشانات حاصل کئے ہیں۔ جناب مرزا یاور بیگ نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں کشادہ ذہنی و کشادہ قلبی کے ساتھ زمانہ کی مسابقتی دوڑ کا حصہ بننے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف معاشی ترقی ہی ترقی نہیں ہے بلکہ معاشرہ میں ہمیں اسلامی تشخص کے ساتھ ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔ اس تقریب سے جناب جاوید عالم کے علاوہ ڈاکٹر تمیم سیف اور ایم ایس کے فارغ افضل الرحمن نے بھی مخاطب کیا۔

TOPPOPULARRECENT