Friday , June 22 2018
Home / سیاسیات / مغربی بنگال کے چند کانگریسی قائدین ترنمول کانگریس کی تائید حاصل کرنے پر ناراض

مغربی بنگال کے چند کانگریسی قائدین ترنمول کانگریس کی تائید حاصل کرنے پر ناراض

کولکتہ۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے کانگریس قائدین کا ایک گوشہ ہائی کمان کے فیصلے پر ناراض ہے کیوں کہ کانگریس قیادت نے ترنمول کانگریس کی تائید حاصل کرتے ہوئے ابھیشیک مانو سنگھوی کو راجیہ سبھا کا رکن منتخب کروایا کیوں کہ اس کے بغیر ان کا انتخاب مشکل تھا۔ پارٹی کارکنوں نے اس واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بی جے پی کو کانگریس پر تنقید کا موقع ملے گا۔ کانگریس کے ایک سینئر رکن اسمبلی نے کہا کہ ممکن ہے کہ پارٹی کے ذہن میں قومی سطح پر ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کا خیال ہو لیکن ترنمول کانگریس کے محاذ کے سامنے کانگریس کی توہین نامناسب تھی۔ اس سے ریاست میں کانگریس کی شبیہہ متاثر ہوئی ہے۔ ہمارے قائدین اور ارکان اسمبلی کو ترنمول کانگریس اپنی صفوں میں شامل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کی ریاستی سیاست نقطہ نظر زیادہ اہم نہیں تھا تو اس مسئلہ پر ہم سے تبادلہ خیال کیوں نہیں کیا گیا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹی ایم سی نے سنگھوی کو راجیہ سبھا انتخابات میں اس لیے تائید فراہم کی تاکہ ممتا بنرجی زیر قیادت ترنمول کانگریس اور راہول گاندھی زیر قیادت کانگریس نے 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کے لیے اتحاد کا اشارہ مل سکے۔ دونوں پارٹیاں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا چاہتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT