Wednesday , September 19 2018
Home / Top Stories / مغویہ طالبات کی تلاش میں امریکی دستہ نائجیریا روانہ

مغویہ طالبات کی تلاش میں امریکی دستہ نائجیریا روانہ

واشنگٹن ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی انتظامیہ کے سینئرحکام نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ نائجیریا کی 200سے زائد مغوی طالبات کی بازیابی کیلئے امریکی دستہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت بوکو حرام کے اغواکاروں کی طرف سے مغوی طالبات کی نئی ویڈیو سامنے لائے جانے کے بعد ممکن ہوئی ہے۔ جبکہ امریکی ماہرین اس ویڈیو سے اس امر کاپتہ چلا رہے ہیں کہ

واشنگٹن ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی انتظامیہ کے سینئرحکام نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ نائجیریا کی 200سے زائد مغوی طالبات کی بازیابی کیلئے امریکی دستہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت بوکو حرام کے اغواکاروں کی طرف سے مغوی طالبات کی نئی ویڈیو سامنے لائے جانے کے بعد ممکن ہوئی ہے۔ جبکہ امریکی ماہرین اس ویڈیو سے اس امر کاپتہ چلا رہے ہیں کہ ان مغوی بچیوں کو کس علاقے میں رکھا گیا ہے۔ایک امریکی ذمہ دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا’’ ہم نے کمرشل سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر نائجیریا کے ساتھ شئیر کی ہیں اور نگرانی کرنے والی امریکی ٹیم کو ضروری آلات کے ساتھ متحرک کر دیا ہے، اس سلسلے میں نائجیریا کی اجازت بھی لی گئی ہے‘‘۔

تاہم امریکی حکام نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ نائجیریا کی فضاوں میں کونسے طیارے بھیجے گئے ہیں اور انہیں کس علاقے سے نائجیریا بھجوایا گیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین پاسکی نے کہا ہماری انٹلیجنس سے وابستہ لوگ بوکو حرام کی طرف سے جاری کی گئی ویڈیو کی ایک ایک چیز کو ہر پہلو سے دیکھ رہے ہیں، تاکہ مغوی سکول طالبات کو بچانے میں جو بھی مدد مل سکتی ہو لی جائے۔ایک سوال کے جواب میں جین پاسکی نے کہا ’’ہمارے پاس اس کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم اس ویڈیو کی سند کو چیلنج کریں‘‘۔ واضح رہے بوکو حرام کے لیڈر ابوبکر شکاو نے کہا ہے کہ نائجیریا بوکو حرام کے ساتھیوں کو رہا کر دے تو ان مغوی طالبات کو رہا کر دیا جائے گا۔نائجیریا کی حکومت نے یہ تجویز مسترد کر دی ہے۔

اس بارے میں جین پاسکی نے کہا ’’امریکی پالیسی بھی یہی رہی ہے کہ اغوا کاروں کے مجرمانہ اقدام کا انہیں فائدہ نہ ہونے دیا جائے، بشمول تاوان کی ادائیگی کے‘‘۔اس سے پہلے 30 امریکیوں پر مشتمل ٹیم پچھلے ہفتے نائجیریا پہنچی تھی تاکہ 16 سے 18 سال تک کی مغوی طالبات کی رہائی کیلئے نائجیرین حکومت کی مدد کی جا سکے۔ واضح رہے ان طالبات کو 14 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا۔وائٹ ہاوس کا اس ٹیم کے بارے میں کہنا ہے کہ اس ٹیم میں دفتر خارجہ کے پانچ افسروں کے علاوہ مواصلاتی امور کے دو ماہر، ایک سویلین سکیورٹی ایکسپرٹ اور طبی شعبے ایک سینئر شامل ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع کے دس افسرپہلے ہی نائیجریا میں موجود ہیں۔

TOPPOPULARRECENT