Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / مفتی محمد سعید ایک غیر معمولی سیاستداں، مدبر اور نظریہ ساز شخصیت

مفتی محمد سعید ایک غیر معمولی سیاستداں، مدبر اور نظریہ ساز شخصیت

The Prime Minister, Shri Narendra Modi paying homage at the mortal remains of Shri Mufti Mohammad Sayeed, at Palam Airport, in New Delhi on January 07, 2016. The Union Home Minister, Shri Rajnath Singh is also seen.

اُصولوں اور قومی یکجہتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ صدر ،نائب صدر، وزیراعظم اور دیگر کا خراج عقیدت

نئی دہلی ؍ سری نگر 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کے انتقال پر تمام قائدین نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور انھیں ایک غیر معمولی سیاسی مدبر اور عظیم شخصیت سے تعبیر کیا جنھوں نے ریاست کے عوام کو آرام و سکون بہم پہنچائی۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے مفتی سعید کی دختر محبوبہ مفتی کو اپنے تعزیتی پیام میں کہاکہ انھیں مفتی سعید کے انتقال پر گہرا دُکھ پہنچا۔ وہ طویل عرصہ سے میرے رفیق تھے۔ وہ ایک سیاسی مدبر اور نظریہ ساز شخصیت تھی۔ انھوں نے ریاست جموں و کشمیر کی سماجی و سیاسی ترقی کے لئے کام کیا۔ ریاست کے علاوہ ملک کے لئے ان کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے اپنے پیام میں کہاکہ ایک نامور شخصیت اور مقبول عام لیڈر نے جموں و کشمیر کی ترقی اور فلاح کے لئے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ وہ اتفاق رائے پیدا کرنے والے اور قوم کے مفادات کو دیگر اُمور پر ترجیح دیا کرتے تھے۔ 79 سالہ مفتی محمد سعید کا آج ایمس میں انتقال ہوا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ’’مفتی صاحب کے انتقال سے ملک اور جموں و کشمیر کے مابیان ایک خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ عوام کی زندگیوں پر غیر معمولی اثر پڑا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کیاکہ مفتی صاحب کی قائدانہ صلاحیت انھیں سب سے ممتاز کرتی ہے۔ اپنے طویل سیاسی سفر کے دوران انھوں نے بے شمار افراد کو متاثر کیا۔ مفتی صاحب نے اپنی قیادت کے ذریعہ جموں و کشمیر کو آرام و سکون بہم پہنچایا۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔ وہ تمام ارکان خاندان اور حامیوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ساری ریاست جموں و کشمیر اور سارا ملک ایک عظیم لیڈر سے محروم ہوگیا۔ کانگریس پارٹی کے ساتھ طویل عرصہ تک تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مختلف شعبوں میں ان کی انسانیت نواز خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ مفتی سعید کے انتقال سے انھیں کافی صدمہ ہوا۔ انھوں نے انتقال کے فوری بعد ایمس پہنچ کر ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کیاکہ وہ مفتی سعید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انھیں انتقال کی اطلاع ملتے ہی کافی صدمہ ہوا۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔ عمر عبداللہ نے ایمس پہنچ کر ارکان خاندان سے تعزیت کی۔ سابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے کہاکہ انھیں انتقال کی اطلاع پر دُکھ پہنچا۔ ریاستی سی پی آئی (ایم) لیڈر یوسف تریگامی نے کہاکہ ریاست ایک ایسے لیڈر سے محروم ہوگئی جنھوں نے علاقہ میں امن کے قیام کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے کہاکہ مفتی سعید کے انتقال سے انھیں صدمہ ہوا اور انھیں ایک غیرمعمولی سیاستداں قرار دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر نرمل سنگھ نے کہاکہ ریاست میں ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔ پی ایم او میں منسٹر آف اسٹیٹ جیتندر سنگھ نے کہاکہ ملک آزادی کے بعد صف اول کے سیاستدانوں میں شامل شخصیت سے محروم ہوگیا۔ مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے کہاکہ مفتی سعید نے کبھی اُصولوں اور قومی یکجہتی پر سمجھوتہ نہیں کیا تھا۔ سونیا گاندھی کے پولٹیکل سکریٹری احمد پٹیل، چیف منسٹر بہار نتیش کمار، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے علاوہ دیگر کئی اہم قائدین نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT