مفرور روڈی شیٹر ایوب کی تلاش میں شدت

ضمانت پر رہائی کے بعد دبئی میں قیام کا شبہ

ضمانت پر رہائی کے بعد دبئی میں قیام کا شبہ
حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز)شہر کے خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان جس کی پولیس کو شدت سے تلاش ہے کے خلاف ساوتھ زون پولیس نے لُک آوٹ نوٹس جاری کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔ سٹی پولیس کے ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ کو ساوتھ زون پولیس نے ایوب خان کا ریکارڈ حوالے کیا ہے تا کہ اس کے خلاف لُک آوٹ نوٹس جاری کی جاسکے اور بین الاقوامی سفر کے دوران اسے گرفتار کیا جاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ ایوب خان جو کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے اور 50 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے ۔ سال 2002 سے وہ اپنی ایک گینگ تشکیل دیتے ہوئے اس کی سرپرستی کررہا ہے اور اسے سابق میں پرانے شہر کے ایک ایڈوکیٹ منان غوری قتل کیس میں سزا سنائی تھی لیکن وہ ہائی کورٹ سے راحت حاصل کرتے ہوئے جیل سے رہا ہوگیا اور بعدازاں وہ دبئی کو فرار ہوگیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایوب خان قتل ‘ڈکیتی ‘رہزنی اور جبراً وصولی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور اس کے ساتھیوں نے بھی کئی ایک سنگین وارداتیں انجام دیں ہیں۔ نامپلی اور چادر گھاٹ پولیس اسٹیشنس میں درج کردہ دو مقدمات میں وہ مفرور ہے اور اس کی تلاش کیلئے پولیس نے شدت پیدا کردی ہے لیکن وہ اچانک دبئی فرار ہونے کے سبب وہ پولیس کے چنگل سے باہر ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد نے ایوب خان کے قریبی ساتھیوں عبید‘ اسد اور واجد کے علاوہ اس کے حریف گروپ قیصر اور دیگر کو پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ دبئی میں مقیم ایوب خان کو اس کے بعض ساتھی اس سے ملاقات کررہے ہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں کی سازشیں ہنوز جاری ہے ۔ ایوب خان کا ایک قریبی ساتھی کالا پتھر پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر اشفاق جو پولیس کو مطلوب ہے مہاراشٹرا اور گجرات میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT