Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / مقامی ادارہ جات سے منتخب کانگریس ارکان کونسل کی حلف برداری

مقامی ادارہ جات سے منتخب کانگریس ارکان کونسل کی حلف برداری

رائے دہندوں سے اظہار تشکر، ٹی آر ایس پر اپوزیشن کو نقصان پہنچانے کا الزام: کے جانا ریڈی
حیدرآباد /6 جنوری (سیاست نیوز) مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے کانگریس کے دو امیدواروں نے صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سے ملاقات کرتے ہوئے حلف لیا اور انھیں کامیاب بنانے والے رائے دہندوں سے اظہار تشکرکیا۔ قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی نے کہا کہ حکمراں ٹی آر ایس تلنگانہ سے اپوزیشن کا صفایا کرنے کی سازش پر عمل پیرا ہے، مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ مقامی اداروں کے انتخابات میں ضلع نلگنڈہ سے کامیاب ہونے والے کانگریس امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اور ضلع محبوب نگر کے امیدوار دامودھر ریڈی نے آج اپنے حامیوں کے ساتھ تلنگانہ قانون ساز کونسل پہنچ کر صدر نشین سوامی گوڑ سے ملاقات کی اور کونسل رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس موقع پر کے جانا ریڈی، کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں کامیاب امیدواروں نے گن پارک پر شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 

اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کے جانا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن جماعتوں کو برداشت نہیں کر رہی ہے۔ اقتدار اور دولت و طاقت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے دیگر جماعتوں کے ارکان کو ڈرایا اور لالچ دیا جا رہا ہے، تاہم کانگریس نے نلگنڈہ اور محبوب نگر میں حکومت کی تمام تدابیر کو الٹا کردیا۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے لئے حکمراں ٹی آر ایس جمہوری اصولوں اور انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من مانی کر رہی ہے، اس کے باوجود وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انھوں نے کونسل انتخابات میں کانگریس کے دو امیدواروں کو کامیاب بنانے والے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر کامیاب امیدوار کے راجگوپال اور دامودھر ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ان کی کامیابی میں رکاوٹ بننے کی ہرممکن کوشش کی، یہاں تک کہ رائے دہندوں کو لالچ دینے کے علاوہ انھیں بلیک میل بھی کیا گیا، تاہم رائے دہندوں نے ان دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمیں کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT