Thursday , November 23 2017
Home / ہندوستان / مقبوضہ کشمیر بہت جلدہندوستان کا حصہ ہوگا : آدتیہ ناتھ

مقبوضہ کشمیر بہت جلدہندوستان کا حصہ ہوگا : آدتیہ ناتھ

پنڈت نہرو کی بجائے سردار پٹیل کو ذمہ داری ملی ہوتی تو مسئلہ ہی پیدا نہ ہوتا ‘ بی جے پی ایم پی
بلیا 19 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اگر پڑوسی ملک نے ہندوستان کے ساتھ مقابلہ کی جرات کی تو اس کا وجود ہی خطرہ میں پڑ جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہوگا ۔ گورکھپور کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے یہاں ایک تقریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو بلوچستان پر ایک موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے کشمیر کو ہندوستانی مقبوضہ کشمیر قرار دئے جانے سے متعلق یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اس سے کانگریس پارٹی کی اقدار کی عکاسی ہوتی ہے ۔ مسئلہ کشمیر کیلئے کانگریس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پنڈت جواہر لال نہرو کی بجائے سردار پٹیل کو ذمہ داری ملی ہوتی تو یہ مسئلہ ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروایا جائے اور بہت جلد یہ ہندوستان کا حصہ ہوگا ۔

ممبئی حملوں کے سرغنہ حافظ سعید کی جانب سے پاکستانی فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سے یہ اپیل کئے جانے پر کہ محمد علی جناح کے زیر التوا حکم کی تعمیل میں کشمیر کو فوج روانہ کی جائے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پڑوسی ملک کو اب تک ہندوستان کے مقابلہ میں چار مرتبہ کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ کراچی میں اتوار کو ڈیفنس کونسل آف پاکستان کے بیانر تلے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے یہ ادعا کیا تھا کہ کشمیریوں نے تقسیم سے قبل ہی کہا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں لیکن تقسیم کے بعد ہندوستان نے زبردستی جموں و کشمیر کو فوج روانہ کی تھی ۔ سعید کا کہنا تھا کہ اس موقع پر محمد علی جناح نے اپنے کمانڈر ان چیف کو حکم دیا تھا کہ وہ ان کے حکم کی تعمیل کریںاور فوج کو کشمیر کو روانہ کریں۔ تاہم ان کے کمانڈر ان چیف نے اس حکم کی تعمیل نہیں کی تھی ۔ اب وہ جنرل راحیل شریف سے خواہش کرتے ہیں کہ وہ قائد اعظم کے حکم کی تعمیل کریںاور کشمیر کو فوج روانہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT