Thursday , July 19 2018
Home / Top Stories / ملائشیا کے سابق محروس قائد انور ابراہیم کو شاہی معافی کی راہ ہموار

ملائشیا کے سابق محروس قائد انور ابراہیم کو شاہی معافی کی راہ ہموار

کنگ سلطان محمد پنجم فوری معافی دینے آمادہ
انور ابراہیم دوبارہ سرگرم سیاست میں حصہ لینے کے اہل
نئے وزیراعظم مہاتر محمد کی پریس کانفرنس

 

کوالالمپور ۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا کے شہنشاہ اپوزیشن کے جیل کی سزاء کاٹنے والے قائد انور ابراہیم کو معاف کردیں گے۔ یہ بات نومنتخبہ وزیراعظم مہاترمحمد نے کہی۔ یاد رہیکہ ملائشیا میں گذشتہ کچھ ہفتوں سے حالات ڈرامائی طور پر تبدیل ہورہے ہیں۔ ایک طرف ملک کی قابل لحاظ آبادی کو یہ یقین تھا کہ نجیب رزاق انتخابات میں بہ آسانی کامیابی حاصل کرلیں گے لیکن ملک کا ایک طبقہ ایسا بھی تھا جو نجیب رزاق کی بدعنوانیوں سے نالاں تھا اور اس بات کیلئے کوشاں تھا کہ ریٹائرمنٹ سے واپس آنے والے 92 سالہ سابق قائد مہاترمحمد کو ایک بار پھر مسندِ اقتدار سونپی جائے اور اس میں وہ کامیاب بھی ہوئے۔ مہاترمحمد نے تو یہ بھی کہا ہیکہ وہ وزیراعظم کا عہدہ انور ابراہیم کو سونپنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انورابراہیم کا تعلق پیپلز جسٹس پارٹی سے ہے جو اپوزیشن اتحاد کے ایک کلیدی قائد تصور کئے جاتے تھے۔ ان کی سحرانگیز شخصیت کا ہر کوئی معترف تھا اور انہیں ہی ملائشیا کے آئندہ وزیراعظم کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔ تاہم مہاتر محمد نے ہی انہیں 1998ء میں اقتدار کے بیجا استعمال اور اغلام بازی میں ملوث پائے جانے پر معطل کردیا تھا اور بعدازاں انہیں جیل ہوگئی تھی۔ جیسا کہ کہا جاتا ہیکہ سیاست میں نہ کوئی مستقل دوست ہوتا ہے اور نہ دشمن۔ کچھ عرصہ بعد دونوں قائدین میں مصالحت ہوگئی اور انہوں نے نجیب رزاق کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے ہاتھ ملا لئے۔ نجیب کے دورحکومت میں انورابراہیم کو 2015ء میں ایک بار پھر جیل بھیجا گیا جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس کے پس پشت سیاسی محرکات کارفرما تھے۔ حالانکہ ماہ جون میں انورابراہیم رہا ہونے والے تھے لیکن مہاترمحمد نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلطان محمد پنجم نے انورابراہیم کو شاہی معافی دینے آمادگی کا اظہار کیا ہے جس کا واضح مطلب یہی ہیکہ شاہی معافی پانے والا کوئی بھی قائد سرگرم سیاست میں دوبارہ حصہ لے سکتا ہے اور اگر شاہی معافی نہ ملے تو رہائی کے بعد بھی پانچ سال تک ان پر سرگرم سیاست میں حصہ لینے پر امتناع عائد رہے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مہاترمحمد نے کہا کہ شاہی معافی حاصل کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مہاترمحمد نے دس کابینی قلمدانوں پر بھی عاجلانہ تقررات کا ہفتہ کے روز اعلان کرنے کا وعدہ کیا۔

 

مہاتر محمد کو مودی کی مبارکباد
نئی دہلی 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج مہاتر محمد کو ملائیشیا کے وزیراعظم کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد پیش کی۔ مودی نے ٹوئیٹ کیاکہ ’’میں ڈاکٹر مہاتر کے ساتھ قریبی ربط میں کام کرنے کا متمنی ہوں تاکہ ہمارے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند کلیدی پارٹنرشپ مزید مضبوط ہوجائے۔ دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش ہے‘‘۔ 92 سالہ مہاتر کو گزشتہ روز ملائیشیا کے ساتویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ وہ دنیا کے معمر ترین منتخب لیڈر بنے ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT