Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / ملائم سنگھ آج نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کریں گے!

ملائم سنگھ آج نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کریں گے!

لکھنؤ ۔ /24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی نے بالادستی کی جنگ نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا جہاں ملائم سنگھ یادو امکان ہے کہ کل نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کریں گے ۔ وہ اس وقت عملاً غیرکارکرد لوک دل کے ساتھ یہ پارٹی قائم کریں گے اور اس کا نام ’’سماج وادی‘‘ برقرار رہے گا ۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے ذرائع نے آج یہ اشارہ دیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی) میں پھوٹ کا اشارہ کل اسی وقت مل گیا تھا جب ملائم سنگھ یادو اور ان کے بھائی شیوپال یادو نے پارٹی کے ریاستی کنونشن سے خود کو دور رکھا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس کنونشن میں انہیں مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ لوک دل کے صدر سنیل سنگھ نے آج کہا کہ ملائم سنگھ یادو کل لوہیا ٹرسٹ کے دفتر پر پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے لوک دل کے ساتھ نئی پارٹی کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لفظ ’’سماج وادی ‘‘ (سوشلسٹ) اس نئی جماعت کے نام میں برقرار رہے گا ۔ ایسے وقت جبکہ سماج وادی پارٹی کنونشن کی تیاری میں مصروف تھی ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں نے لوک دل کے بیانر تلے سیکولر فرنٹ تشکیل دینے کی تیاریاں شروع کردی تھیں ۔ اس سے صاف اشارہ مل رہا ہے کہ پارٹی میں پائے جانے والے اختلافات اب مزید شدت اختیار کرگئے ہیں ۔ پارٹی کے ریاستی اور قومی کنونشن سے قبل ملائم سنگھ نے اکھلیش یادو کے بااعتماد رام گوپال یادو کو ہٹاکر شیوپال یادو کو لوہیا ٹرسٹ کا سکریٹری مقرر کیا تھا ۔ شیوپال یادو نے جون میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کیلئے سماج وادی سیکولر فرنٹ تشکیل دیں گے ۔ شیوپال یادو کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ مصالحت کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں ۔ اور شیوپال یادو کیلئے مستقبل کیلئے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT