Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ملائیشیا میں رولر اسپیڈ اسکیٹنگ چمپئن شپ حیدرآباد کے سید معز الدین قادری کو تیسرا مقام

ملائیشیا میں رولر اسپیڈ اسکیٹنگ چمپئن شپ حیدرآباد کے سید معز الدین قادری کو تیسرا مقام

ایشین گیمس میں حصہ لینے کا عزم ، اسپانسرس سیاست اور ایس بی ایچ سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( نمائندہ خصوصی ) : حیدرآبادی نوجوانوں اور بچوں میں اسیکٹنگ کا کافی شوق پایا جاتا ہے ۔ فتح میدان ، وکٹری پلے گراونڈ اور دیگر مقامات پر اسکیٹنگ کی تربیت کا اہتمام ہے لیکن پرانا شہر کے بچوں اور نوجوانوں میں رولر اسکیٹنگ کے شوق کے باوجود یہاں اسکیٹنگ کی تربیت کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ جس کے نتیجہ میں پرانا شہر سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو نئے شہر کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ اگر پرانا شہر میں بھی اسکیٹنگ رنگ تعمیر کئے جاتے ہیں تو اس سے رولر اسکیٹنگ کے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں ہمارے نوجوانوں کو حصہ لینے کا موقع مل سکتا ہے ۔ پرانا شہر میں کچھ با حوصلہ اور باصلاحیت ایسے نوجوان بھی ہیں جنہوں نے سہولتوں کی عدم دستیابی اور لاکھ رکاوٹوں کے باوجود اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔ جن میں انہیں غیر معمولی کامیابی بھی حاصل ہوئیں ۔ ایسے ہی نوجوانوں میں بالاپور کے رہنے والے سید معز الدین قادری ولد سید بشیر الدین قادری بھی شامل ہیں ۔ نظام کالج میں ڈگری میں زیر تعلیم سید معز الدین قادری نے حال ہی میں ملیشیا میں منعقدہ TTSK8 اوپن 2015 رولر اسپیڈ اسکیٹنگ چمپئن شپ میں حصہ لے کر تیسرا مقام حاصل کیا ۔ سینئیر لیول میں انڈونیشیا کو پہلا ، ملیشیا کو دوسرا اور ہندوستان کے سید معز الدین قادری کو تیسرا مقام حاصل ہوا ۔ برطانیہ نے چوتھا مقام حاصل کیا ہے ۔ سید معز الدین قادری کو سیاست اور اسٹیٹ بنک آف حیدرآباد نے اسپانسر کیا تھا ۔ ہندوستان سے جملہ 25 اسکیٹرس نے ان مقابلوں میں حصہ لیا جس کا دہلی ، گجرات ، مہاراشٹرا ، ممبئی اور حیدرآباد سے تعلق تھا ۔ حیدرآباد سے 8 اسیکٹرس کو اس عالمی مقابلہ میں حصہ لینے کا اعزاز حاصل رہا ۔ معز کو تاحال اسکیٹنگ کے مقابلوں میں 5 تا 6 انعامات مل چکے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 15 سال کی عمر سے اسکیٹنگ کرتے ہیں ان کی کامیابی میں کوچ ایم اے قدیر کا اہم رول ہے ۔ معز الدین قادری کے مطابق نہ صرف تلنگانہ اور حیدرآباد بلکہ سارے ملک میں رولر اسکیٹنگ کافی مقبولیت حاصل کررہی ہے ۔ اس نے اب ایک مسابقتی کھیل کی شکل اختیار کرلی ہے ۔ ہندوستان میں رولر اسپورٹس کی رولر اسکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا نگران ہے ۔ سید معز قادری نے بتایا کہ وہ ایشین گیمس میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے اپنے اسپانسر روزنامہ سیاست اور ایس بی ایچ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ واضح رہے کہ سید معز الدین قادری 1000 میٹر کی ریس رولر اسکیٹنگ میں خاص مہارت رکھتے ہیں ۔ امید ہے کہ وہ مستقبل میں ملک و ملت کا نام روشن کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT