Monday , June 25 2018
Home / اضلاع کی خبریں / ملازمتوں کی فراہمی میں حکومت یکسر ناکام

ملازمتوں کی فراہمی میں حکومت یکسر ناکام

ٹی آر ایس وعدہ فراموش، بی جے پی لیڈر کشن ریڈی کا الزام

محبوب نگر۔/21 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کا وعدہ پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ صرف اعلامیہ جاری کرکے بیروزگاروں کو بہلایا جارہا ہے۔ یہ الزامات بی جے پی فلور لیڈر کشن ریڈی نے پریس کانفرنس میں عائد کئے ۔ وہ اپنے دورہ محبوب نگر کے موقع پر آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہر گھر سے ایک فرد کو ملازمت کا وعدہ کیا تھا لیکن گاؤں کے ایک فرد کو بھی ملازمت فراہم نہیں کی گئی ہے۔ اقتدار کیلئے وعدے کئے گئے اقتدار کے بعد وعدوں کو فراموش کردیا ۔ کسانوں کے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہے۔ قرضہ جات بھی یکمشت معاف نہیں کئے گئے۔ کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت اور معاوضہ بھی نہیں مل رہا ہے اور کسان پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت کے اقتدار کے چار سال پورے ہورہے ہیں۔ تاہم یونیورسٹی میں کسی ایک پروفیسر یا ریڈر کا تقرر تک نہیں کیا گیا۔ دوسری طرف سرکاری میڈیکل کالجس بدترین حالات سے دوچار ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ میڈیکل کالجس کے لائسنس تک منسوخ کئے جائیں۔ چیف منسٹر حالات سے نمٹنے میں ناکامک ہوکر بحران میں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو لالچ دیتے ہوئے ٹی آر ایس میں راغب کررہے ہیں۔ اس موقع پر صدر ضلع بی جے پی پدماجا ریڈی و دیگر قائدین موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT