Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے سنجیدگی سے غور

ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے سنجیدگی سے غور

حیدرآباد۔/13جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تمام ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی تجویز پر حکومت تلنگانہ سنجیدگی سے غور کررہی ہے تاکہ ان تمام عارضی ملازمین کے حالات زندگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ رکن پارلیمان تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر ونود کمار نے اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام کو دیانتدارانہ نظم و نسق اور شفاف کارکردگی کے ذریعہ بہتر حکمرانی فراہم کی جاسکے۔ رکن پارلیمنٹ مسٹر ونود کمار نے غیر رسمی طور پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق حکومتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق حکومتوں نے عوام کی فلاح و بہبود کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کردیا تھا۔ لیکن چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دے رہی ہے۔ بالخصوص حیدرآباد جیسے شہر میں پہلی مرتبہ غریب عوام کیلئے مکانات ( ڈبل بیڈ روم فلیٹ ) تعمیر کرکے فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست تلنگانہ کو ترقی کی سمت گامزن رکھنے کیلئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نت نئے اقدامات کررہے ہیں جس کی وجہ سے آج ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیر قیادت حکومت کے تعلق سے عوام میں زبردست اعتماد و بھروسہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف عوام کی فلاح و بہبود اور ملازمین سرکار کیلئے بھی کئی ایک مثبت اقدامات کررہی ہے۔ مسٹر ونود کمار نے اس توقع کا اظہار کیا کہ شہر حیدرآباد کے عوام  جی ایچ ایم سی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT