Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ملاپ گارڈن میں آج سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دوبہ دو پروگرام

ملاپ گارڈن میں آج سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دوبہ دو پروگرام

وسیع انتظامات، معیاری سینکڑوں رشتے، کمپیوٹر پر ملاحظہ کی سہولت، جناب زاہد علی خان صدارت کرینگے
حیدرآباد ۔ 19 مارچ (دکن نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں موزوں اور من پسند رشتوں کے انتخاب کے لئے والدین اور سرپرستوں کا 57 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام اتوار 20 مارچ کو 10 بجے تا 4 بجے شام ملاپ گارڈن فنکشن ہال، پلر نمبر 55 (مہدی پٹنم) رنگ روڈ مقرر ہے۔ ایم ڈی ایف اور سیاست کے زیراہتمام منعقد شدنی اس پروگرام کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست اور سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف کریں گے۔ جناب محمد بابا فصیح الدین ڈپٹی میئر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مہمان خصوصی ہوں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف ابتداء میں تعارفی کلمات اور خیرمقدم کریں گے۔ جناب عابد صدیقی اور ایم اے قدیر نے بتایا کہ پروگرام میں نئے رجسٹریشن کا آغاز 10 بجے دن سے ہوگا۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے رجسٹریشن کیلئے علحدہ علحدہ کاؤنٹرس بنائے گئے ہیں۔ والدین کو ان کاؤنٹرس پر اپنے لڑکے و لڑکیوں کے رجسٹریشن کروانے ہوں گے۔ کاؤنٹر پر والدین کو رجسٹریشن کارڈ کے علاوہ لڑکوں کے والدین کو پیلے ربن اور لڑکیوں کے والدین کو گرین ربن دیئے جائیں گے تاکہ والدین کو ایک دوسرے سے متعارف ہونے اور باہمی مشاورت میں سہولت حاصل ہوسکے۔ جو والدین پہلے ہی سے رجسٹریشن کروائے ہیں انہیں مزید رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔ رجسٹریشن کاؤنٹرس کو 3 بجے دن بند کردیا جائے گا۔ پروگرام میں سات کاؤنٹرس ہے جن میں انجینئرنگ، میڈیسن، پوسٹ گریجویٹس، گریجویٹس، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم، حافظ، فاضل، کم تعلیم یافتہ لڑکے و لڑکیوں کے علاوہ عقدثانی اور تاخیر سے رشتہ کے متلاشی کا علحدہ کاؤنٹر ہوگا۔ اس پروگرام میں 25 کونسلرس اور 30 سے زائد والینٹرس متعین کئے جارہے ہیں جو کونسلنگ اور پیامات کی نشاندہی میں والدین کی رہبری و رہنمائی کریں گے۔ والدین کی سہولت کیلئے خصوصی کمپیوٹر سیکشن ہوگا، جہاں 10 کمپیوٹرس پر تجربہ کار والینٹرس لڑکوں کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس کا مشاہدہ کروائیں گے تاکہ والدین کو رشتے کے انتخاب میں سہولت ہوسکے۔ انجینئرنگ و گریجویشن کیلئے ان کے سیکشن میں اسکرین آویزاں کیا جارہا ہے، جس میں فوٹو اور بائیو ڈاٹاس کو نمایاں کرکے دکھایا جائے گا۔ جناب سید کلیم الدین، جناب سید فہیم الدین پروپرائٹرس ملاپ گارڈن فنکشن ہال اور دلشاد نگر یوتھ ویلفیر اسوسی ایشن کے تعاون و اشتراک سے دو بہ دو ملاقات پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ فورم کے اراکین محمد تاج الدین، ڈاکٹر ایوب حیدری، میر انورالدین، خدیجہ سلطانہ، سید الیاس پاشاہ، سید ناظم الدین، احمد صدیقی مکیش، محمد نصراللہ خان، ڈاکٹر دردانہ، محمد شاہد حسین، محمد برکت علی، محمد فریدالدین، محمد احمد، سید اصغرحسین، صالح بن عبداللہ باحاذق، اے اے کے امین، ایم اے واحد، محمد سرور، رفیعہ سلطانہ ثانیہ، افسر سعیدہ، آمنہ فاطمہ، سیدہ محمدی، عبدالصمد خان، لطیف النساء، رئیس النساء، فرزانہ، محمد سراج الدین قریشی، ڈاکٹر ناظم علی، ڈاکٹر سیادت علی و دیگر نے والدین و سرپرستوں سے پابندی وقت شرکت کی اپیل کی ہے۔ والدین و سرپرستوں کو اس پروگرام میں شرکت کی عام اجازت رہے گی۔ سید الیاس باشاہ کی قرأت سے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ احمد صدیقی مکیش بارگاہ رسالت مآب ؐ میں نعت شریف پیش کریں گے۔ سید اصغر حسین نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ توقع ہیکہ اس پروگرام میں اضلاع سے بھی والدین تشریف لائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT