Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ملک اور پاکستانی عوام سے بڑھ کر کچھ نہیں:آفریدی

ملک اور پاکستانی عوام سے بڑھ کر کچھ نہیں:آفریدی

کولکتہ ۔15مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ٹوئنٹی20 کپتان شاہد آفریدی نے ہندوستان کے حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے پاکستان اور اس کے عوام سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور میں نے بیان کے ذریعہ اپنے ملک کی طرف سے ایک مثبت بیان دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری آڈیو بیان میں کپتان نے کہا کہ میرے بیان کو مثبت لیا جائے اور اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میرے لیے پاکستان یا پاکستانی عوام سے بڑھ کر کچھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری پہچان اور میرا تمام تر تعلق ہی پاکستان سے ہے اور میں صرف پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان نہیں بلکہ پورے پاکستانی عوام کی طرف سے یہاں آیا ہوں۔کپتان نے اپنے پیغام میں کہا کہ میڈیا کے نمائندے نے ایک سوال پوچھا تو میں نے مثبت انداز میں بات کی مجھے معلوم تھا کہ میرا یہ پیغام دنیا میں سنایا جائے گا اور ممالک بھی دیکھیں گے میں نے اس دنیا کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ ہم لوگ یہاں پرآکر بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ جتنے بھی بڑے نام لے لیں وسیم اکرم‘ وقاریونس انضمام الحق یا عمران خان سے بھی پوچھیں تو یہ خود کہیں گے کہ یہاں پر انھیں بہت عزت دی جاتی ہے اس لئے کہ یہاں کرکٹ کو بہت عزت دی جاتی ہے۔

میں نے مہذب انداز میں کوشش کی کہ یہ پیغام دنیا میں جائے کہ ہم عوام کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، کرکٹ ایک ایسا کھیل جو لوگوں کو ہمیشہ آپس میں ملاتا ہے، پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کرکٹ کی بدولت بہتر ہوئے ہیں، میں نے اپنے ملک کی جانب سے مثبت پیغام دیا ہے، جو میرے پیغام کو منفی انداز میں لے گا تو اس کو منفی لگے گا لیکن میں نے مثبت انداز میں بات کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کے لوگوں سے ہمیں بہت پیار ملا ہے اور اتنا پیار تو ہمیں پاکستان میں بھی نہیں ملا جتنا یہاں ملا۔ شاہد آفریدی کے اس بیان پر انہیں پاکستان بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور سابق کھلاڑیوں نے بحیثیت کپتان ان سے ذمہ دارانہ بیان دینے پر زور دیا۔آفریدی کے بیان پر پی سی بی نے پہلے ہی قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT