Wednesday , December 13 2017
Home / ہندوستان / ملک بھر میں اشتعال انگیزی ایک سازش ، فضاء مکدر کرنے کی کوشش

ملک بھر میں اشتعال انگیزی ایک سازش ، فضاء مکدر کرنے کی کوشش

عوام کو دوست و دشمن کی پہچان کرنے کا مشورہ ، جمعیتہ العلماء ہند کا اجلاس
نئی دہلی،28اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی مجلس منتظمہ کا اہم اجلا س آج تنظیم کے مرکزی دفتر میں مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت منعقد ہوا، اجلا س میں ملک بھر سے جمعیۃ علماء ہند کے تقریبا دو ہزار اراکین ومشاہیرعلماء نے شرکت کی۔اس موقع پر سکریٹری رپورٹ پیش کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے ملک بھر میں اشتعال انگیزی اور رد عمل کی سیاست پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک کی فضاء کو مکدرکرنے کی کوشش جارہی ہے ، تا کہ عوام کی توجہ بنیادی اور ضروری مسائل سے ہٹا دی جائے ، عوام کے بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں اور انھیں غیر ضروری باتوں کے فریب میں الجھایا جارہا ہے ۔مولانا مدنی نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ ملک میں خوف کی سیاست نہیں چلنے دیں گے ، نہ ہم کسی سے ڈرنے والے ہیں اور نہ کسی کے ڈرانے سے ڈرنے والے ہیں۔ مولانا مدنی نے رد عمل کی سیاست کو بھی سخت نقصان دہ قراردیا او رکہا کہ جس لب ولہجہ میں فرقہ پرست عناصر بات کرتے ہیں،اسی لب و لہجہ میں کچھ لوگ مسلمانوں کی طرف سے جواب دیتے ہیں ، میں یہ کہتاہوں کہ یہ لوگ درحقیقت مسلمانوں کے بدترین دشمن ہیں ، وہ دانستہ یا نادانستہ طور سے غیروں کے بچھائے ہوئے جال میں خود بھی پھنستے ہیں اورپورے ملک کو پھنساتے ہیں۔ انھو ں نے کہا کہ میں ملک عام لوگوں سے اپیل کرتا ہو ں کہ وہ کھرے کھوٹے اور دوست ودشمن کی پہچان کرکے اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کی کوشش کریں ،ہمیں دشمنوں کے فریب اور اپنوں کی نادانی دونوں سے بچنا ہو گا ۔

 

TOPPOPULARRECENT