Monday , May 28 2018
Home / ہندوستان / ملک بھر میں آج ’عالمی اُردو ڈے ‘تقریبات کا انعقاد

ملک بھر میں آج ’عالمی اُردو ڈے ‘تقریبات کا انعقاد

نئی دہلی۔ 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم پیدائش 9نومبر کی مناسبت سے ملک او ربیرون ملک منائے جانے والے ’عالمی اردوڈے ‘ تقریبات کے تحت قومی دارالحکومت میں سب سے بڑی تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ عالمی یومِ اردو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے بتایا کہ عالمی اردو ڈے کے موقع پریہاں غالب اکیڈمی میں مجوزہ پروگرام کے تحت ایک مذاکراہ بھی ہوگا۔ ’اردو کے قارئین میں اضافہ:کیوں اور کیسے ؟‘ عنوان کے تحت اس مذاکرہ کی صدارت ماہر اقبالیات پروفیسر ایمریٹس دہلی یونیورسٹی ڈاکٹر عبدالحق کریں گے ۔ اس موقع پر دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور ملّی گزٹ کے ایڈیٹر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان، قومی اقلیتی تعلیمی کمیشن کے سابق چے ئرمین جسٹس محمد سہیل اعجاز صدیقی، جسٹس شکیل احمد خان، سابق ممبر پارلیمنٹ م۔افضل، ڈاکٹر سیّد فاروق، پروفیسر ابن کنول، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، پروفیسر حکیم الطاف احمد اعظمی، مولانا محمد رحمانی مدنی، معصوم مرادآبادی، محمد ارشد عباسی، مجیب بستوی، مولانا برہان احمد قاسمی، مولانا ایم رضوان اختر قاسمی، زاہد انجم (نیپال) وغیرہ اظہار خیال کریں گے ۔ڈاکٹر سید احمد خان نے بتایا کہ 9نومبر ’عالمی یومِ اردو‘ تقریبات کا یہ بیسواں سال ہے ۔ا س سال بھی عالمی یوم اردو یادگار مجلہ کا اجرا عمل میں آئے گا ۔ محمد عارف اقبال، سہیل انجم اور ڈاکٹر سیّد احمد خاں کے زیرادارت اس مجلہ کا خصوصی گوشہ ’مولانا ڈاکٹر حامدالانصاری انجم: حیات و خدمات‘ پر مشتمل ہے ۔عالمی اردو ڈے کے موقع پر حسب روایت جن چند اہم شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز دیے جائیں گے ۔ ان میں بزرگ شاعر پنڈت آنند موہن گلزار زتشی دہلوی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، عظیم اختر کو عبدالماجد دریابادی ایوارڈ، ڈاکٹر مظفر حسین غزالی کو محفوظ الرحمن ایوارڈ، ڈاکٹر جسیم الدین کو حیات اللہ انصاری ایوارڈ، مولانا سراج الدین ندوی کو اسماعیل میرٹھی ایوارڈ، افضل منگلوری کو حفیظ میرٹھی ایوارڈ، عبدالحئی خان کو قاضی عدیل عباسی ایوارڈ، فہیم احمد کو منشی پریم چند ایوارڈ اور محمد شہزاد کو مولانا عثمان فارقلیط ایوارڈ شامل ہیں۔ خیال رہے کہ ملک کے مختلف صوبائی دارالحکومتوں اور شہروں کے علاوہ متعدد بیرونی ملکوں میں بھی ہر سال9 نومبر کو عالمی اردو ڈے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT