Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک بھر میں تلنگانہ کے آٹو ڈرائیورس ایماندار و دیانت دار

ملک بھر میں تلنگانہ کے آٹو ڈرائیورس ایماندار و دیانت دار

ڈرائیورس کی شکایتوں کو دور کرنے کا تیقن ، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نائب وزیراعلیٰ تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی حکومت ریاست میں آٹو ڈرائیور کے بچے کو کبھی آٹو چلانے نہیں دے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا منشاء اور مقصد ریاست سے غربت کا خاتمہ ہے اور اس کام کے لیے حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کررہی ہے ۔ آج یہاں رویندرا بھارتی میں تلنگانہ آٹو یونین جے اے سی اور کے سی آر سیوا دلم کے اشتراک سے منعقدہ جلسہ عام سے مخاطب تھے ۔ تلنگانہ آٹو یونین جے اے سی کی جانب سے کے سی آر کو ’ امن کا علمبردار ‘ اعزاز سے بھی نوازا گیا ۔ جناب محمد محمود علی نے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں تلنگانہ کے آٹو ڈرائیورس اپنی ایمانداری اور دیانت داری کے لیے کافی مقبول ہیں ۔ سوائے چند ایک کے تمام آٹو ڈرائیورس خوش اخلاق اور ایماندار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو آٹو ڈرائیورس سے کچھ شکایتیں بھی ہیں جس کو دور کرنا آٹو ڈرائیورس یونین کی ذمہ داری ہے ۔ نئے آٹو پرمٹس کے لیے وہ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ سے بات کریں گے اور بہت جلد نئے پرمٹس کی اجرائی کے متعلق احکامات بھی جاری کرائیں گے ۔ حکومت غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو مفت تعلیم اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ آلودگی سے پاک بیاٹری سسٹم آٹوز کی شروعات بھی بہت جلد تلنگانہ میں ہوگی ۔ اس کام کے لیے بھی حیدرآباد سے شروعات کی ہم نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے درخواست کی ہے اور بہت جلد اس پر عمل ہوگا ۔ جناب محمد محمود علی نے آٹو ڈرائیورس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو اقامتی اسکولس میں تعلیم دلائیں جہاں پر کارپوریٹ طرز کا تعلیمی ماحول بچوں کو فراہم کیا جارہا ہے ۔ غریب خواتین کے لیے سلائی مشین سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔ اگر گھر میں بیٹھ کر روزگار حاصل کرنے والی خواتین خود مختار ہوجائیں گی تو کنبے کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ آٹو یونین جے اے سی کا ہم پر ایک عظیم احسان بھی ہے ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر کے مرن برت کے وقت آٹو یونین نے بھی دو دنوں تک ہڑتال کے طور پر اپنے آٹوز بند رکھے تھے جس کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کبھی فراموش نہیں کرسکے گی ۔ بہت جلد آٹو یونین کے دیرینہ مسائل کو بھی حل کرلیا جائے گا ۔ صدر کے سی آر سیوا دلم جناب محمد امیر حسین ، صدر تلنگانہ آٹو یونین جے اے سی محمد امان اللہ خاں ، حیات حسین حبیب ، مسٹر سرینواس یادو ، جناب عابد رشید ، جناب عبدالصمد ، جناب محمد خالد سینکڑوں لوگوں نے بھی اس جلسہ عام میں شرکت کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT