Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک بھر میں داعش کے 9 کارکن ہنوز سرگرم

ملک بھر میں داعش کے 9 کارکن ہنوز سرگرم

سینکڑوںنوجوانوں کو دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کی ترغیب
حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) ہندوستانی نوجوانوں کو داعش میں شمولیت کیلئے ترغیب دینے والی حیدرآبادی خاتون افشاں جبین عرف نکی جوزف نے تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جبین نے تحقیقاتی عہدیداروں کو یہ بتایا ہے کہ ملک بھر میں 9 داعش کے کارکن ہنوز سرگرم ہیں اور اُن کا تعلق ممبئی، حیدرآباد، بنگلور اور جموں و کشمیر سے ہے۔ متحدہ عرب امارات سے ہندوستان واپس بھیجی جانے والی 38 سالہ خاتون افشاں جبین جس کا تعلق ٹولی چوکی سے بتایا جاتا ہے کو شمس آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا اور انٹلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے اُس کی تفتیش کی گئی تھی۔ خود کو برطانوی شہری ظاہر کرنے والی افشاں جبین نکی جوزف کے نام سے سوشیل میڈیا پر سرگرم تھی اور وہ فیس بُک کے ذریعہ سینکڑوں نوجوانوں کو داعش کے نظریات سے متاثر کررہی تھی۔ اس خاتون کی سازش کا شکار حیدرآبادی نوجوان سلمان محی الدین کو بھی چند ماہ قبل شمس آباد پولیس نے اُس وقت گرفتار کرلیا تھا جب وہ خاتون سے ملاقات کے لئے دوبئی روانہ ہورہا تھا۔ سلمان کی تفتیش پر نکی جوزف کے نام کا انکشاف ہوا اور ہندوستانی انٹلی جنس ایجنسیوں نے دوبئی کے حکمرانوں پر دباؤ ڈالتے ہوئے اسے ملک واپس بھیجنے پر مجبور کردیا۔ تفتیش کے دوران جبین نے مبینہ طور پر یہ انکشاف کیا ہے کہ اُس نے فیس بُک پر کئی فرضی اکاؤنٹس کھولے جن کی مدد سے داعش کی نظریات کو عام کرتے ہوئے دیگر مذاہب کے خلاف زہرافشانی کیا کرتی تھی۔ اس خاتون کے انکشافات کے پیش نظر انٹلی جنس ایجنسیوں نے 9 مبینہ داعش کے کارکنوں کی تلاش شروع کردی ہے اور یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ بعض کارکنوں کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور ان کے خلاف عنقریب کارروائی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ داعش نے عراق اور شام کے بعد یمن اور افغانستان میں بھی اپنی سرگرمیوں کو تیز کر دیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT