Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / ملک بھر میں شراب کے استعمال میں کمی کو یقینی بنایاجائے

ملک بھر میں شراب کے استعمال میں کمی کو یقینی بنایاجائے

مرکز و ریاستوں کو ہدایت کی خواہش ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو سی پی آئی کا مکتوب
حیدرآباد 7 جنوری ( پی ٹی آئی ) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی ) نے آج صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں ایک ایسی پالیسی تیار کریں جس کے نتیجہ میں شراب کے استعمال میں کمی لائی جاسکے ۔ مکتوب میں پارٹی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہا کہ شراب پر کوئی یکساں پالیسی نہیں ہے اور بیشتر ریاستوں نے شراب کی فروخت کو اپنے مالیہ کا بڑا ذریعہ بنایا ہوا ہے ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اب تک دستیاب مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں ہر 96 منٹ میں ایک شہری شراب کی عادت کی وجہ سے فوت ہو رہا ہے ۔ اس کے علاوہ لاکھوں افراد کو صحت کے مسائل درپیش آ رہے ہیںاور خاندانی جھگڑے بڑ؍ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت واضح ہے کہ الکوحل کے استعمال سے حادثات اور جرائم کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے اپنے مکتوب میں صدر جمہوریہ سے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ صدر جمہوریہ ہند سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ حکومت ہند اور ریاستی حکومتوں کو ہدایت دیں کہ وہ ایسی پالیسی تیار کریں جن کے نتیجہ میں ملک میں شراب کے استعمال میں کمی لائی جاسکے ۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کا حوالہ بی دیا جس میں ملک بھر میں شراب پر امتناع کی استدعا والی درخواست دائر کرنے والے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں شراب پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ نامناسب نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT