Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ‘سیلاب جیسی صورتحال

ملک بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ‘سیلاب جیسی صورتحال

آئندہ دو یوم میں تلنگانہ ‘ اے پی ‘ مہاراشٹرا ‘ کرناٹک اور ٹاملناڈو میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔27اگسٹ (سیاست نیوز) ملک بھر میں شدید موسلادھار بارش کے سبب سیلاب کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش کے علاوہ مہاراشٹرا‘ کرناٹک‘ تمل ناڈو میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ آسام اور اڑیسہ کے علاوہ بہار کے علاقو ںمیں سیلاب کی صورتحال کے بعد اب اتر پردیش کی صورتحال ابتر ہونے لگی ہے کیونکہ گذشتہ دو یوم سے اترپردیش میں بھی سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں 28تا 30 اگسٹ کے دوران شدید بارش ریکارڈ کی جائے گی اور شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد کے علاوہ نواحی علاقو ںمیں آئندہ دو یوم کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور کئی مقامات پر مطلع ابر آلود رہے گا اس کے علاوہ ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صرف تلنگانہ و آندھرا پردیش میں ہی نہیں بلکہ مغربی ہندستان کے ساحلی علاقوں میں بھی زبردست بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جارہا ہے کہ ممبئی ‘ودربھا‘ اترپردیش‘ گجرات ‘ کے علاوہ چھتیس گڑھ‘ جھارکھنڈ‘ مغربی بنگال‘ ناگالینڈ‘ میزورم اور منی پور و تریپورہ میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ ملک میں جاری سیلاب کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی اور بحر عرب میں تیزی سے اٹھتی موجوں کے سبب بارش کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گجرات کے علاقوں سورت‘ بروڈہ کے علاوہ دیگر اضلاع میں مسلسل بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے اور جموں کشمیر میں بھی مانسون معمول کے مطابق ہے۔ جنوبی ریاستوں میں مانسون کی رفتار میں آنے والی شدت کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران مختلف ریاستوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ دو یوم سے جاری بارش کے بعد آج بھی مطلع ابرآلود رہا اور شہر کے نواحی علاقوں کے علاوہ دیگر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ48گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال میں کوئی بڑی تبدیلی ریکارڈ نہیں کی جائے گی اور مسلسل بارش کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے راڈر کی تفصیلات کے مطابق جنوبی ہند کے علاوہ شمالی ہند کی ریاستوں کو بھی موسلا دھار بارش کیلئے تیار رہنے کیلئے کہا جا چکا ہے اور ساحلی ریاستوں کو بھی صورتحال سے مطلع کردیا گیا ہے تاکہ وہ قبل ازوقت احتیاطی اقدامات کر سکیں۔

TOPPOPULARRECENT