Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / ملک بھر میں گاؤ ذبیحہ پر امتناع کیلئے قانون کی ضرورت : بھاگوت

ملک بھر میں گاؤ ذبیحہ پر امتناع کیلئے قانون کی ضرورت : بھاگوت

نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے گاؤ رکھشا گروپس کے تشدد کی مذمت کی اور کہا کہ اس نے گائے کے تحفظ کی مہم بدنام ہوگی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہندوتوا تنظیمیں ملک بھر میں گاؤ ذبیحہ پر امتناع کیلئے قانون کی خواہاں ہیں۔ ’’گاؤ ذبیحہ کو برائی‘‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے ختم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ عوام کو مہم میں شامل کرتے ہوئے گاؤ کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے یہ کام انجام دیا جائے۔ انہوں نے بی جے پی زیراقتدار راجستھان کے اُمور میں گاؤ رکھشکوں کی جانب سے مسلم شخص کو زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کرنے کے واقعہ کے پس منظر میں یہ بات کہی۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس واقعہ پر شدید احتجاج کیا اور زعفرانی جماعت کو دفاعی موقف اختیار کرنا پڑا۔ بھاگوت نے کہا کہ ایسا کوئی کام گائے کے تحفظ کیلئے نہیں کیا جانا چاہئے جس سے چند افراد کے ایقان کو ٹھیس پہنچے۔ پرتشدد کارروائی نہیں ہونی چاہئے۔ اس گاؤ رکھشکوں کی کوششیں بدنام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں جہاں آر ایس ایس کارندے اقتدار پر ہیں، وہاں گاؤ ذبیحہ پر امتناع کا قانون نافذ کیا گیا ہے۔ ان کا اشارہ آر ایس ایس پس منظر رکھنے والے بی جے پی قائدین کی طرف تھا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دیگر حکومتیں بھی مقامی پیچیدہ حالات سے نمٹتے ہوئے اس قانون کو یقینی بنائیں گی۔
دہلی کے مشاعرہ میں امریکہ اور جاپان کے شعراء کی شرکت
نئی دہلی ۔ 9اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اردو کے چاہنے والے دنیا بھر کے شاعروں کو دہلی کے سالانہ ’’ جشن بہار‘‘ مشاعرہ میں جاریہ ہفتہ سن سکیں گے ۔ یہ 19واں سالانہ مشاعرہ ہوگا جس کا اہتمام جشن بہار ٹرسٹ کی جانب سے غیر منافع خوری کی بنیاد پر کیا جاتا ہے 14اپریل کو مقرر اس مشاعرہ میں ہندوستان کے نامور شعراء جیسے جاوید اختر اور منصور عثمانی شرکت کریں گے ۔
ان کے علاوہ امریکہ اور جاپان سے مہمان شعراء کی شرکت کی متوقع ہے ۔ دیگر شعراء میں نیویارک کے عبداللہ عبداللہ ‘ ٹورنٹو کے جاوید دانش ‘ مینچسٹر کے بصیر کاظمی ‘ کویت کے شاہجہاں جعفری ‘ قطر کے عزیز نبیل شامل ہیں ۔ یہ مشاعرہ دہلی ۔ متھرا شاہراہ پر شمس الرحمن فاروقی کی زیر صدارت منعقد ہوگا ۔ اس موقع پر گورنر منی پور نجمہ ہبت اللہ بھی موجود ہوں گی ۔

TOPPOPULARRECENT