Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک سورنا بھارت کی طرف گامزن ، پردھان منتری مدھرایوجنا اسکیم کا افتتاح

ملک سورنا بھارت کی طرف گامزن ، پردھان منتری مدھرایوجنا اسکیم کا افتتاح

پسماندہ طبقات کو پروان چڑھانے حکومت کے اقدامات ، مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر اقلیتی امور و بہبود جناب مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ حکومت ہند ملک کی اقوام جو کہ مالی و معاشی طور پر پسماندہ ہے انہیں پروان چڑھانے کے لیے ان تین سالوں سے مختلف اسکیمات روبہ عمل لاکر عوام کو راحت پہنچا رہی ہے ۔ اسکیمات میں ایک اسکیم ہندوستان میں ’ پردھان منتری مدھرا یوجنا ’ تعارف کروایا ہے ۔ اس اسکیم کے تحت 76 فیصد خواتین اور 55 فیصد زائد درج فہرست ذات ، قبائل پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو 9 کروڑ سے زائد روپیوں کے قرضے منظور کئے ہیں ۔ مختار عباس نقوی حیدرآباد کے کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم ، یوسف گوڑہ میں ’ پردھان منتری مدھرا یوجنا اسکیم ‘ کیمپ کا افتتاح انجام دینے کے بعد مخاطب تھے ۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ایک سورنا بھارت کی طرف گامزن ہے ۔ مرکز کی اسکیمات سے واقف کرواتے ہوئے عوام سے اس بات کی اپیل کی کہ وہ ان اسکیمات سے اولاً متعارف ہوں اور اسکیمات کے ضمن میں جو قرضے انہیں حاصل کرنی ہیں اس کے لیے بینکس سے مکمل تعاون کریں ۔ اس لیے کہ مرکز کی مودی حکومت ہندوستان کو دنیا کی معاشی طاقت میں ایک منفرد طاقت بنانے کے خواب کو پورا کرنے کے دہانے پر کھڑی ہے ۔ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد یہاں کی عوام کے لیے ایک ایک طبقہ کا خاص خیال رکھا گیا اور ان تین سالوں کے دوران ترقی کا شرح 7 فیصد ہوچکا ہے ۔ اس سے ملک میں سرمایہ کاری کے زیادہ سے زیادہ امکانات روشن ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بعض سیاسی پارٹیاں اور مخالف حکومت طاقتیں عوام کے سامنے ہندوستان کی غلط تصویر پیش کر کے گمراہ کررہی ہے ۔ جب سے ملک میں نوٹ بندی کی گئی اس کے ثمر آور نتائج برآمد ہوئے اور معیشت میں شفافیت پیدا ہوئی ۔ مدھرا اسکیم کے تحت اب تک سماج کے سب ہی طبقات کو قرضوں کی اجرائی کے ذریعہ معاشی استحکام کی ضمانت فراہم کی گئی ۔ بنڈارو دتاتریہ رکن پارلیمنٹ سکندرآباد نے کہا کہ ’ پردھان منتری مدھرا یوجنا ‘ کے ذریعہ غریب اور پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے لیے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنوایا جارہا ہے اور اس اسکیم سے پسماندہ طبقات اور اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو قرضوں کے حصول کے لیے سہولت حاصل رہے گی ۔ مدھیرا اسکیم کے تحت تلنگانہ میں قابل لحاظ رقم فراہم کی جارہی ہے جس سے استفادہ کنندگان کو روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی ۔ وزیر فینانس تلنگانہ ای راجندر نے کہا کہ تلنگانہ میں 80 لاکھ سے زائد افراد نے مختلف اسکیمات کے تحت بینکس میں اکاونٹ کھولے اور یہ مدھرا یوجنا اسکیم بھی ان کے لیے ثمر آور ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ میں بھی غریب پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ حکومت کا مقصد وکاس کی روشنی کو ہر شہری تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ریاستی حکومت اپنے اسکیمات کے علاوہ مرکزی اسکیمات کی عمل آوری میں مکمل تعاون کرے گی ۔ ریاستی وزیر پنچایت راج جے کرشنا نے کہا کہ چیف منسٹر کا بنگارو تلنگانہ کا خواب اسی صورت میں پورا ہوگا جب ’ سب کا ساتھ بھی ہو اور سب کا وکاس بھی ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ مدھرا یوجنا پروگرام کی کامیابی کے سلسلہ میں قومیائے اور خانگی بینکوں کی جانب سے موثر رول ادا کیا جارہا ہے ۔ تقریب میں رکن اسمبلی کشن ریڈی ، ڈپٹی مئیر بلدیہ بابا فصیح الدین ، کمشنر بلدیہ جناردھن ریڈی ، ارکان اسمبلی رامچندر ریڈی ، گوپی ناتھ ، کارپوریٹر ڈاکٹر لوکیش رانی کے علاوہ ریاستی حکومت کے عہدیدار ، بینکس آفیسران و ملازمین ، سماجی کارکن نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی کے ہاتھوں مختلف اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کو قرضوں کے رقم پر مشتمل چیکس تقسیم کئے گئے ۔۔

TOPPOPULARRECENT