Tuesday , October 23 2018
Home / Top Stories / ملک صرف کانگریس یا بی جے پی تک محدود نہیں : کے ٹی آر

ملک صرف کانگریس یا بی جے پی تک محدود نہیں : کے ٹی آر

حیدرآباد 10 مارچ ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی راما راؤ نے ‘ جو دہلی میں ہیں ‘ آج کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وفاقی پلیٹ فارم کیلئے پہلے محاذ کی تجویز پیش کی ہے قومی سطح پر تیسرے محاذ کی نہیں۔ انہوں نے مرکز میں ایک کے بعد دیگرے قائم ہونے والی مختلف جماعتوں کی حکومتوں کے طرز کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ دہلی میں شوچ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے تفصیل کے ساتھ واضح کیا کہ تلنگانہ ریاست نے اپنے وجود میں آنے کے ساڑھے تین سال ہی میں کس طرح ہمہ جہتی ترقی کی ہے اور یہ فاضل برقی والی ریاست بن گئی ہے ۔ یہاں فلاح و بہبود کی اسکیمات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ۔کے سی آر کی قابل قیادت میں کئی بڑے پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں۔ بعد ازاں میڈیا کی جانب سے تیسرے محاذ سے متعلق سوال پر کے ٹی آر نے کہا کہ یہ پہلا محاذ ہوگا تیسرا نہیں اور یہ محاذ بی جے پی اور کانگریس سے قومی سطح پر مقابلہ کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک صرف بی جے پی یا کانگریس تک محدود نہیں ہے اور علاقائی جماعتیں بھی بہت مستحکم ہیں اور وہ اپنی شرائط پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی عوام کی خواہشات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں اور قومی سیاست میں معیاری تبدیلی لانے ایک متبادل وفاقی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے اختیارات دہلی میں مرکوز کردینا درست نہیں ہے اور اس سے ریاستوں کو خوشحال بننے میں مدد نہیں ملے گی ۔

TOPPOPULARRECENT