Tuesday , May 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ملک و ریاست کی ابتر صورتحال کے لیے کانگریس ذمہ دار

ملک و ریاست کی ابتر صورتحال کے لیے کانگریس ذمہ دار

نلگنڈہ کے بھوپال ریڈی اور کرشنا ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ ملک اور ریاست کی موجودہ ابتر صورتحال کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے جس نے اپنے دور میں عوام کی بھلائی کے بجائے عوام کو لوٹنے کا کام کیا۔ نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سینئر قائدین کے بھوپال ریڈی اور کے کرشنا ریڈی اپنے حامیوں کے ساتھ ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوگئے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ بھون میں تقریب منعقد کی گئی۔ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے کانگریس اور تلگو دیشم قائدین نے بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، ای راجندر ، جگدیش ریڈی اور ڈاکٹر لکشما ریڈی نے ان قائدین کا پارٹی میں استقبال کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 2019 ء کے انتخابات میں نلگنڈہ میں ٹی آر ایس کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کاہ نلگنڈہ ضلع کی تمام 12 نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے میدک اور ورنگل لوک سبھا حلقوں کے ضمنی چناؤ اور گریٹر حیدرآباد انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کا حوالہ دیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کی واحد حریف کانگریس پارٹی ہے اور یہ پارٹی ریاست اور ملک کیلئے بدشگونی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس غلط فہمی کا شکار ہے کہ وہ مضبوط موقف رکھتی ہے ۔ تلنگانہ میں عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا ہے ۔ پارٹی کا کوئی کارنامہ ایسا نہیں کہ جس کی بنیاد پر اسے ووٹ دیا جائے ۔ نلگنڈہ ضلع میں دو لاکھ افراد فلوریسس سے متاثر ہیں لیکن کانگریس قائدین نے انہیں صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ کانگریس قائدین کو اقتدار کا لالچ ہے۔ ریاستی وزیر ای راجندر نے کہا کہ عوام نے کانگریس پارٹی سے ریاست کو نجات دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی نظریں تلنگانہ پر ہے کیونکہ انتہائی کم مدت میں ریاست نے ہر شعبہ میں ترقی کی ہے۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ 30 سال تک ریاست پر حکمرانی کرنے والے کانگریس قائدین نے کبھی بھی نلگنڈہ کی ترقی پر توجہ نہیں دی۔ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے کے بھوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں وہ نلگنڈہ ضلع پر ٹی آر ایس کا پرچم لہرائیں گے۔ کے سی آر نے بھوپال ریڈی کو نلگنڈہ اسمبلی حلقہ کا انچارج مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر قانون ساز کونسل کے نائب صدرنشین ایم ودیا ساگر ، گورنمنٹ چیف وہپ پی راجیشور ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی ، بی نرسیا گوڑ اور دیگر قائدین موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT