Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک پر بی جے پی کے ذریعہ آر ایس ایس کی حکومت

ملک پر بی جے پی کے ذریعہ آر ایس ایس کی حکومت

پنڈت نہرو کو بدنام کرنے کی سازش ‘ سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کا الزام
حیدرآباد 14 نومبر ( این ایس ایس ) سینئر کانگریس لیڈر و سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو بدنام کرنے کیلئے ایک سازش رچی جا رہی ہے ۔ گاندھی بھون میں پنڈت نہرو کی یوم پیدائش تقریب میں شرکت کرتے ہوئے جئے پال ریڈی نے یہ واضح کیا کہ پنڈت نہرو کی پالیسوں سے ملک کا تحفظ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر وزیر اعظم کو ‘ چاہے وہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتا ہو ‘ پنڈت نہرو کے نقش قدم پر چلنا چاہئے ۔ جئے پال ریڈی نے واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود بھی لندن میں پنڈت نہرو کے نظریات اور ان کے جذبہ کا تذکرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو ایک عصری اور ماڈرن ہندوستان کی تعمیر کے معمار تھے ۔ جئے پال ریڈی نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس نے پنڈت نہرو کی تصویر کے بغیر یوم اطفال تقاریب کا اہتمام کرتے ہوئے مشکوک رویہ اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس در اصل بی جے پی کے ذریعہ ملک پر حکمرانی کر رہی ہے ۔ تقریب میں کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے بھی شرکت کی ۔

TOPPOPULARRECENT