Thursday , July 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ملک پیٹ تا دلسکھ نگر ٹریفک کو آسان بنانے اقدامات

ملک پیٹ تا دلسکھ نگر ٹریفک کو آسان بنانے اقدامات

یوٹرن فری کا تجربہ ، سگنل سے پاک سڑک بنانے کی تجویز
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) ملک پیٹ سے دلسکھ نگر جانے والی سڑک پر مصروف ترین اوقات میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے متعدد اقدامات پر غور کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس عنقریب شہر حیدرآباد کا سب سے طویل Uٹرن فری کا تجربہ ملک پیٹ سے دلسکھ نگر سڑک پر کرے گی۔بتایاجاتاہے کہ شہر میں ایس آر ڈی پی کے متعلق مطالعہ و تجرباتی اقدامات کرنے والے ادارہ کی جانب سے اس سڑک پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے متعدد تجاویز پیش کی ہیں اوران تجاویز میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے کہ ملک پیٹ سے دلسکھ نگر تک 2.5کیلو میٹر سڑک کی مسافت طئے کرنے کے لئے کم از کم 25تا30 منٹ درکار ہوتے ہیں اور اس مسئلہ کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس سڑک کو ٹریفک سگنل اور Uٹرن سے پاک بنایا جائے۔بتایاجاتاہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ان امور پر غور کیا جا رہاہے اور بہت جلد تجرباتی اساس پر اس سڑک کو سگنل سے پاک بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔عہدیداروں کا کہناہے کہ اس مصروف ترین سڑک پر تجارتی بازاروں کے فروغ اور آبادی میں زبردست اضافہ کے سبب یہ اہم سڑک پر مصروف اوقات کے دوران ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے۔جی ایچ ایم سی کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر توسیع کیلئے کوئی قطعی تجاویز موصول نہیں ہوئی ہیں لیکن بعض حصوں پر جہاں سڑک چھوٹی ہورہی ہے ان مقامات پر ٹریفک جام کے مسئلہ کو دور کرنے کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ملک پیٹ‘ موسی رام باغ اور دلسکھ نگر کی سڑک پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایس آر ڈی پی کے تحت تیار کئے جانے والے منصوبوں اور تجاویز پر تجرباتی عمل کے بعد ہی اس مسئلہ کے حل کے لئے قطعی اقدامات کئے جائیں گے۔صبح کی اولین ساعتوں کے علاوہ شام کے اوقات میں بھی اس سڑک پر ٹریفک جام کے معمول سے نمٹنے کیلئے کئی مقامات پر محکمہ ٹریفک پولیس کے جوانوں کو متعین کیا جارہاہے لیکن اس کے باوجود بھی یہ مسئلہ ابھی تک مکمل طور پر حل نہیں کیا جاسکا ہے۔اسی لئے بہت جلد جی ایچ ایم سی اور محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مسئلہ کے حل کے اقدامات کویقینی بنایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT