ملک کو تقسیم کرنے والوں کے خلاف حقیقی لڑائی

تخریبی اور مطلق العنان طاقتوں کو روکنا ضروری ، سونیا گاندھی کی عوام سے جذباتی اپیل

تخریبی اور مطلق العنان طاقتوں کو روکنا ضروری ، سونیا گاندھی کی عوام سے جذباتی اپیل
نئی دہلی ۔ 14 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج مختلف ٹی وی چینلس پر ایک اپیل نشر کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ لوک سبھا انتخابات ہندوستان کے حقیقی روح کے تحفظ کی لڑائی ہے ۔ یہ لڑائی اُن سے ہے جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے نشریاتی خطاب میں نریندر مودی یا بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا کہ ہم اتحاد چاہتے ہیں اور وہ یکسانیت مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں ’’ مجھ ‘‘ پر بھروسہ کیجئے۔ انھوں نے کہاکہ محبت ، احترام ، ہم آہنگی اور اخوت کے علاوہ عدم تشدد ہماری سرزمین کی حقیقی روح ہے ۔ ہم ان انتخابات میں اس کے تحفظ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور یہ لڑائی اُن کے ساتھ ہے جو ہمیں تخریب کا شکار بناتے ہوئے ان اقدار کو بدلنا چاہتے ہیں ۔ جاریہ انتخابی مہم کے دوران بی جے پی پر اب تک کی شدید ترین تنقید کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تخریبی اور مطلق العنان طاقتوں کو شکست دیں جو ہندوستانی اقدار کو تباہ کردیں گی ۔ کانگریس کی تائید کی اپیل کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ بی جے پی کا ویژن نفرت اور جھوٹ پر مبنی ہے اور اُس کا نظریہ تخریبی و مطلق العنان سرگرمیوں پر مبنی ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ آج ہمارا سماج دوراہے پر کھڑا ہے ۔ کانگریس کا نظریہ اور ویژن ایک صحت مند آزاد جمہوریت اور سب کی زندگی میں تبدیلی کے لئے ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس 10 سال تک اقتدار پر رہنے کے بعد اب تک کی سخت ترین لڑائی لڑ رہی ہے ۔ سونیا گاندھی کی یہ اپیل کئی چینلوں پر بشمول ہندی اور انگریزی میں نشر کی گئی ۔ ٹی وی چینلس نے اسے ایک اشتہار قرار دیا ہے ۔ سونیا گاندھی نے ہر رائے دہندے سے اپیل کی کہ وہ دل و دماغ سے کام لیں اور صحیح فیصلہ کریں کہ ملک کے لئے کونسا راستہ اختیار کیا جانا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT