Saturday , November 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ملک کی آزادی ‘اسلاف کی قربانیوں کا نتیجہ

ملک کی آزادی ‘اسلاف کی قربانیوں کا نتیجہ

دارالعلوم صدیقیہ خانہ پور میں مولانا سید عابد حسین قاسمی کا خطاب
خانہ پور 17 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانہ پور میں جشن یوم آزادی تقاریب کا اہتمام نہایت تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آیا مختلف مقامات ‘سرکاری دفاتر ‘اسکولس ‘کالجس کے علاوہ خانگی مدارس و مختلف سیاسی سماجی ‘مذہبی قائدین و عہدیداران نے قومی پرچم لہرایا اور مجاہدین آزادی کو زبردست خراج عقدیت پیش کیا۔ قبل ازیں صبح 7 بجے دارالعلوم صدیقیہ خانہ پور میں جشن یوم آزادی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مولانا سید عابد حسین قاسمی استاد مدرسہ دارالعلوم صدیقیہ نے مدرسہ میں قومی پرچم کشائی انجام دی ۔ بعدازاں تقریب کا آغاز مدرسہ کے طالب علم قاسم کی قرائت پاک سے ہوا ۔ طالب علم محمد فاضل نے نعت پاک پڑھی اور طلباء مدرسہ محمد کیف ‘ محمد عمر نے ترانہ ہندی پیش کیا ۔ بعدازاںمولانا سید عابد حسین قاسمی استاد مدرسہ نے تقریب جشن یوم آزادی سے خطاب کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جنگ آزاد کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ملک کے مسلمانوں کے تذکرہ کے بغیر جنگ آزادی کی تاریخ نا مکمل ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ملک آزاد ہوا آج ہم ملک کی 69 ویں جشن آزادی منارہے ہیں جشن آزادی دراصل ہمارے اسلاف کی طویل جدوجہد اور قربانیوں اور شہیدان وطن کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ مولانا عابد حسین نے کہا کہ مذہب اسلام وطن پر مرمٹنے کی تعلیم دیتا ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ یہ ہندوستان کے وہی مدارس اسلامیہ نے جدوجہد آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور یہی مدارس کے علاء و اساتذہ اور طلبا و حفاظ اکرام ہی تھے جنہو ںنے جنگ آزادی کی طویل جنگ کے دوران میدان جنگ میں اپنے سروں کو پیش کیا اور انگریزوں سے لڑتے لڑتے جام شہادت نوش کیا ۔ جنگ آزادی کے دوران انگریزوں نے اس وقت ملک کے کئی مقامات پر جید علماء مسلم قائدین کو کھلے عام چوراہوں پر تو کہیں درختوں سے لٹکا کر پھانسی دی جنگ آزادی میں سینکڑوں نہیں ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا گیا تب جاکر ہمیں آزادی نصیب ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ہر مسلمان ملک کی امن و سلامتی چاہتا ہے ہر مشکل گھڑی میں ملک کا مسلمان وطن کے ساتھ ہے بعدازاں مولانا مبشر عالم خاں قاسمی کی دعا پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مدرسہ کے اساتذہ حافظ عبدالقادر ‘حافظ محمد قیصر‘ مولوی رئیں و دیگر اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس طرح جشن یوم آزادی تقاریب جگن چوک پر منعقد ہوئی ۔ رکن اسمبلی خانہ پور اجمیرہ ریکھا ‘شیام نائک نے پرچم کشائی انجام دی ۔

TOPPOPULARRECENT