Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / ملک کی ترقی میں پیشرو حکومتوں کا رول بھی مسلمہ

ملک کی ترقی میں پیشرو حکومتوں کا رول بھی مسلمہ

ناگا معاہدہ تمام کی کوششوں کا نتیجہ ،شمال مشرقی علاقہ میں ترقی کی نئی شروعات ، مودی کا خطاب

نئی دہلی 24 ۔ اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے پیشرو حکومتوں کے رول کو تسلیم کرتے ہوئے این ایس سی این ( آئی ۔ ایم ) کے ساتھ ’’کامیاب مذاکرات ‘‘ کا سہرا مساوی طورپر اُن کے سر بھی باندھنے کی کوشش کی اور توقع ظاہر کی کہ اس کے نتیجے میں نہ صرف ناگالینڈ بلکہ سارے شمال مشرقی علاقے کی ترقی یقینی ہوگی ۔ نریندر مودی نے کہاکہ ہر حکومت نے کچھ نہ کچھ کوشش کی ہے ۔ کسی وقت بہتری آئی اور کبھی رکاوٹیں کھڑی ہوگئیں ، اس طرح یہ مراحل جاری رہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہر شخص نے اس عمل میں اپنا حصہ ادا کیا ہے ۔ اس کا سہرا کسی ایک مخصوص حکومت کے سر نہیں جاتا اور ایسا کرنا بھی نہیں چاہئے ۔ ہر شخص نے اچھا کام کیا ہے ۔ یہ (ان تمام کی کوششوں )کا نتیجہ ہے کہ ناگالینڈ میں کامیاب مذاکرات ہورہے ہیں ۔ اس کا نتیجہ یہ بھی ہے کہ آج ہم ناگالینڈ میں عوام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کو یقینی بنارہے ہیں ۔ وزیراعظم کا بالواسطہ اشارہ حال ہی میں مرکز اور این ایس سی این ( آئی ۔ ایم ) کے مابین نئی دہلی میں طئے پائے معاہدہ کی طرف تھا ۔ ناگالینڈ کے روحانی پیشوا اور مجاہد آزادی رانی گڈی نیلو کی صد سالہ یوم پیدائش تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے یہ بات کہی ۔ رانی گڈی نیلو کو ’’رانی ماں ‘‘ بھی کہا جاتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر شخص نے ترقی کا خواب دیکھا ہے اور نہ صرف ناگا لینڈ بلکہ سارے شمال مشرقی علاقے اور ملک کی ترقی کے ساتھ ساتھ اسے قومی دھارے میں شامل رہنے کی ہر کسی کو آرزو ہے ۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملکر ساتھ چلنے کا جو سفر شروع ہوا ہے اُس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے اور ملک کامیابی کے منازل طئے کرے گا۔ اُن کا بالواسطہ اشارہ ناگا معاہدہ کی طرف تھا ۔ نریندر مودی نے کہاکہ اُن کی حکومت شمال مشرقی علاقہ میں انفراسٹرکچر کے فروغ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اگر رابطہ کا مسئلہ حل ہوجائے تو ترقی کوئی مسئلہ نہیں رہے گی ۔ علاقہ میں ریاستی دارالحکومتوں کو ریلوے سے مربوط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ناگا لینڈ میں انناس اور مرچ کی پیداوار کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شمال مشرق کا یہ علاقہ ملک کے کیمیائی مادوں کا داراالحکومت بن سکتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے اس علاقہ کی ترقی بھی ضروری ہے ۔ تقریب میں وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ ، وزیر فینانس ارون جیٹلی ، گورنر ناگالینڈ پی بی اچاریہ کے علاوہ ناگالینڈ اور منی پور کے چیف منسٹرس شریک تھے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ناگا معاہدہ کے ذریعہ امن کا استحکام یقینی ہوگا ۔ ارون جیٹلی نے کہاکہ بنگلہ دیش کے ساتھ اراضی سرحدی معاہدہ اور ناگا امن معاہدہ وزیراعظم کی جانب سے شروع کی گئی دو اہم اور قابل ذکر کوششیں ہیں۔ قبل ازیں نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے ساتھ طئے پائے اراضی سرحدی معاہدہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقہ کی ملک کے مابقی حصہ کے ساتھ رابطہ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان کی آزادی حاصل کرنے کے بعد کئی بہادر سپاہیوں کو جنھوں نے قربانیاں دی ہیں تاریخ میں فراموش کردیا گیا ۔ ہمارے سماج کی یہ ذمہ داری ہے کہ تاریخ کے اس خزانہ کو محفوظ رکھیں۔ کئی مقامات پر تاریخ صرف شاہی خاندانوں اور حکمرانوں تک ہی محدود ہے ۔ لیکن ہندوستان میں عام آدمی کی کوششوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور یہ ہمارے فلسفہ کا اہم حصہ ہے ۔ انھوں نے موجودہ نظام کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بعض عظیم شخصیتوں کو یہ تو فراموش کردیا ہے یا پھر دانستہ طورپر ایسا کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شمالی مشرقی علاقہ نے کئی عظیم شخصیتوں کو جنم دیا اور ہندوستان کی آزادی کے بعد بھی رانی ماں کو تقریباً تین تا چار ماہ جیل میں ہی رکھا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT