Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ملک کی تمام ریاستوں میں تحفظات توسیع کے مطالبہ پر اظہار حیرت

ملک کی تمام ریاستوں میں تحفظات توسیع کے مطالبہ پر اظہار حیرت

ٹی آر ایس کا موقف مسلمانوں کے ساتھ دھوکہ کے مترادف ، سید عظمت اللہ حسینی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید عظمت اللہ حسینی نے ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے مسلم تحفظات کے حق میں احتجاج کرنے کے بجائے ملک کے تمام ریاستوں کو تحفظات میں توسیع دینے کے اختیارات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کا یہ موقف مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ جس طرح کلرک کی پوسٹ کے لیے انٹرویو دے کر گزیٹیڈ پوسٹ نہیں پوچھی جاسکتی اسی طرح تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں مسلم و قبائلی تحفظات کی توسیع کا بل منظور کرتے ہوئے سارے ملک کی ریاستوں کو تحفظات کی توسیع کے اختیارات دینے کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا ۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ جو پلے کارڈس تھام کر احتجاج کررہے ہیں اس میں مسلم اور قبائلوں کے تحفظات کی کوئی تحریر نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کا یہ موقف مسلمانوں کو دھوکہ دینے کی سازش کا ایک حصہ ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں اور قبائلوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا 10 ماہ قبل اسمبلی اور کونسل میں مسلمانوں کو 12 فیصد اور قبائلوں کو 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا بل منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کردیا ۔ 4 سال تک بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے اور وزیراعظم نریندر مودی کی غیر مشروط تائید کرنے والی ٹی آر ایس کانگریس کی بس یاترا کا آغاز ہونے کے بعد مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے لیے پارلیمنٹ میں ڈرامہ کررہی ہے ۔ اسمبلی اور کونسل میں منظور کردہ بل کو عملی جامہ پہنانے کا مرکزی حکومت پر دباؤ بناتے ہوئے ہنگامہ آرائی کرنے کے بجائے تمام ریاستوں کو تحفظات کی توسیع کے اختیارات دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کے احتجاج سے واضح ہوگیا کہ وہ مسلم اور قبائلی تحفظات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے ۔ اس کا مسلمان اور قبائلی طبقات سخت نوٹ لیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو سبق سکھاتے ہوئے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔۔

TOPPOPULARRECENT