Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ملک کی خدمت کے لیے سائنسداں اور قوم کی ترجمانی کے لیے صحافی بننے کی تلقین

ملک کی خدمت کے لیے سائنسداں اور قوم کی ترجمانی کے لیے صحافی بننے کی تلقین

اذان انٹرنیشنل اسکول میں اسٹیٹ ٹاپر ایوارڈ فنکشن ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے طلبہ کو تلقین کی کہ اگر وہ ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو سائنسداں بنیں اور قوم کی خدمت مقصود ہے تو صحافت کا پیشہ اختیار کریں ۔ جناب زاہد علی خاں آج صبح اذان انٹرنیشنل اسکول کے ترجمان نیوز لیٹر ’ النور ‘ کی رسم رونمائی انجام دینے کے بعد اس کے ایڈیٹوریل بورڈ کے ارکان سے رسمی تعارف کے بعد طلبہ سے مخاطب تھے ۔ ڈاکٹر محمد یوسف اعظم چیرمین اذان انٹرنیشنل اسکول نے صدارت کی ۔ ڈائرکٹر میسکو ڈاکٹر افتخار الدین ، ڈاکٹر نیر اعظم ، جناب مجیب الدین اور پرنسپال اسکول جناب اقبال نیر اس موقع پر موجود تھے ۔ جناب زاہد علی خاں نے اسکول کے طلبہ کی جانب سے سابق صدر جمہوریہ بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام پر پیش کئے گئے پروگرام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ ڈاکٹر کلام کی طرح سائنسداں بن کر ملک کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مرحوم سابق صدر جمہوریہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ایڈیٹر سیاست نے اذان اسکول کے نیوز لیٹر کی اجرائی کے فیصلہ پر مسرت کا اظہار کیا اور ادارہ سیاست کی جانب سے اس کی اشاعت کی پیشکش کی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا میں دور دور تک قوم کی نمائندگی نظر نہیں آتی ۔ اگر طلبہ صحافت کا پیشہ اختیار کرے تو وہ اپنی قوم کی خدمت کرسکتے ہیں ۔ پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا میں مستقبل روشن ہے ۔ انہوں نے دسویں جماعت کے طالب علم محمد فاروق اعظم کو آئی اے آئی ایس اسٹیٹ ٹاپر ایوارڈس گولڈ میڈل اور سرٹیفیکٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ قوم کے بچے اسٹیٹ ٹاپرس بنیں تاکہ قومی سطح کے تعلیمی اداروں میں انہیں داخلہ مل سکے اور وہ اعلیٰ منصب پر فائز ہوسکے ۔ انہوں نے اردو کے ساتھ ساتھ انگلش میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ جس طرح ماں سے محبت کی جاتی ہے اسی طرح مادری زبان سے محبت ہو تو کوئی بھی اردو زبان کو مٹا نہیں سکتا ۔ تاہم انگلش ایک بین الاقوامی زبان ہے جس پر عبور حاصل کر کے ہی ترقی اور کامیابی کی منزلیں طئے کی جاسکتی ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے اذان انٹرنیشنل اسکول کے طلبہ کی قابلیت ، ڈسپلن کی ستائش کی اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو کم سے کم ہوم ورک دیا جائے جتنی پڑھائی ہے وہ اسکول ہی میں مکمل کی جائے تاکہ گھر میں بچے قرآن ، حدیث پڑھ سکیں ۔ والدین اور رشتہ داروں کے ساتھ وقت گذار سکیں ۔ ڈاکٹر افتخار الدین ڈائرکٹر میسکو نے انوائرنمنٹل کلب کے ورق بک کی اجرائی کی ۔ مولانا اظہار الحق قاسمی نے اردو صحافت کی تاریخ پر روشنی ڈالی ۔ کمسن طلبہ نے تعلیمی پروگرام پیش کئے ۔ قبل ازیں جناب زاہد علی خاں کو گارڈ آف آنرس پیش کیا گیا ۔ اسکول کے طلبہ نے اپنی بچت سے پانچ ہزار روپئے کی رقم سیاست ملت فنڈ کے لیے پیش کی ۔ جناب انس قریشی نے شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT