Saturday , June 23 2018
Home / سیاسیات / ملک کے سکیولر کردار کا تحفظ ضروری

ملک کے سکیولر کردار کا تحفظ ضروری

بالی ووڈ کی رائے دہندوں سے مشترکہ اپیل

بالی ووڈ کی رائے دہندوں سے مشترکہ اپیل
ممبئی۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندی فلم انڈسٹری جو اپنے سکیولر امیج کیلئے منفرد شناخت رکھتی ہے، آج لوک سبھا انتخابات میں عوام سے مشترکہ طور پر ملک کے سکیولر کردار کو برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ رائٹر انجم راجہ بالی نے یہ مہم شروع کی ہے جس کی بالی ووڈ معروف شخصیتوں نے توثیق کی اور کہا کہ اگرچہ کرپشن اور حکمرانی اہم مسائل ہیں لیکن ملک کے سکیولر کردار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ کرپشن اور حکمرانی کے متعلق ہمیں یقینا ضروری اقدامات کرنے چاہئیں

اور حکومت کو جوابدہ بنایا جانا چاہئے۔ جہاں تک ہندوستان کے سکیولر کردار کا تعلق ہے، اس معاملے میں کوئی مفاہمت ممکن نہیں۔ مشترکہ اپیل میں عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعہ ملک کے سکیولر کردار کا تحفظ کریں۔ کئی فلمی شخصیتوں بشمول فلمساز مہیش بھٹ، امتیاز علی، زویا اختر، وشال بھردواج، کبیر خاں، سنگر شوبھا مڈگل اور دھوم۔3 ڈائریکٹر وجئے کرشنا اچاریہ نے اس اپیل پر دستخط کئے ہیں۔ سیاسی شعبہ میں ایسا لگ رہا تھا کہ بالی ووڈ کی رائے منقسم ہوچکی ہے، لیکن ان فلمی شخصیتوں نے مشترکہ اپیل کے ذریعہ مثبت پیام عوام تک پہنچایا ہے۔ راجہ بالی نے کہا کہ کسی مخصوص پارٹی یا امیدوار کے حق میں اپیل نہیں کی گئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کے سکیولر کردار کا تحفظ ہو اور اس معاملے میں ہم کسی کے تعلق سے جانبداری نہیں برت سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سکیولرازم ہی سب سے اہم پہلو ہے اور ہماری اپیل کو مخالف مودی یا موافق کانگریس نہ سمجھا جائے۔

TOPPOPULARRECENT