Friday , June 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ملیشیاء کی ریاست فیرق میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع

ملیشیاء کی ریاست فیرق میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع

آئی ٹی صنعت اور تعلیمی میدان میں زبردست ترقی، چیف منسٹر ڈاکٹر زمباری عبدالقادر کا خطاب

آئی ٹی صنعت اور تعلیمی میدان میں زبردست ترقی، چیف منسٹر ڈاکٹر زمباری عبدالقادر کا خطاب
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر فیرق دارالرضوان (ملیشیاء) ڈاکٹر زمباری عبدالقادر نے آج شہر میں منعقدہ سرمایہ کاروں کے اجلاس سے خطاب کے دوران ملیشیاء بالخصوص ریاست فیرق دارالرضوان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع اور شعبوں کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ اس موقع پر اُنھوں نے بتایا کہ ملیشیاء کی دوسری بڑی ریاست فیرق میں نہ صرف صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں بلکہ اس ریاست میں آئی ٹی صنعت اور تعلیمی میدان میں بھی زبردست ترقی ہورہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ ہندوستان کے مختلف شہروں کا دورہ کرتے ہوئے دونوں ممالک بالخصوص ریاست فیرق سے تجارتی و تہذیبی تعلقات کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر زمباری عبدالقادر نے بتایا کہ بہت جلد چینائی فیرق راست پرواز کا بھی منصوبہ زیرغور ہے جس سے تعلقات اور عوام کے آنے جانے میں سہولت ہوگی۔ چیف منسٹر فیرق نے ریاست تلنگانہ اور ریاست فیرق کے درمیان تہذیبی و ثقافتی تعلقات کے علاوہ تجارتی تعلقات کے فروغ کو اہمیت دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تجارتی برادری دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے درمیان ایک بہترین برج کا کردار ادا کرسکتی ہے اسی لئے تجارتی برادری کو سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ انھیں آزادانہ حمل و نقل کی راہ ہموار کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے بعدازاں سیاست سے خصوصی بات چیت کے دوران کہاکہ حیدرآباد اور فیرق کے درمیان بھی فضائی رابطہ کے متعلق غور کیا جاسکتا ہے۔ چونکہ سیاحوں کی بڑی تعداد ہندوستان کے اس شہر سے ملیشیاء کا رُخ کرتی ہے اور ان سیاحوں کو فیرق کے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انھیں سرمایہ کاری کی سمت راغب کیا جاسکتا ہے۔ اس اجلاس میں شہر حیدرآباد کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے سرکردہ عہدیداران موجود تھے جنھوں نے راست چیف منسٹر اور قونصل خانہ ملیشیا کے عہدیداروں سے سوالات کرتے ہوئے حکومت ملیشیاء بالخصوص حکومت فیرق کی جانب سے سرمایہ کاروں و صنعتکاروں کو پہنچائی جانے والی سہولتوں کے متعلق آگہی حاصل کی۔ مسز سترہ دیوی رامیا قونصل جنرل ملیشیاء متعینہ چینائی ہند نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہاکہ حکومت ملیشیاء اور حکومت ہند کے دیرینہ تعلقات میں تجارتی فروغ کے لئے کوشش وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست فیرق ملیشیاء کی دوسری بڑی ریاست ہے جوکہ نہ صرف سیاحوں کے لئے بہترین تفریحی مرکز ہے بلکہ موجودہ دور میں تیزی سے فروغ حاصل کررہی عالمی تجارتی سرگرمیوں میں بھی یہ ریاست کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ قونصل جنرل نے اجلاس میں موجود سرمایہ کاروں کو ان موقعوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں استحکام پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT